2020ء میں پاکستان کا شمار ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنیوالے ملکوں میں ہوگا،سیکرٹری پانی وبجلی،خیبرپختونخوا کے مطالبات پر وفاق اور صوبائی حکومت میں معاہدہ طے پاگیا، نیٹ ہائیڈل یونٹ کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا،تھر میں 660 میگا واٹ کے منصوبے کو1320میگا واٹ کردیا، بلوچستان میں 2ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگائے جارہے ہیں،سینٹ کمیٹی کوبریفنگ

بدھ 21 اکتوبر 2015 09:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اکتوبر۔2015ء ) سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ تھر کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جارہا، تھر میں تین بڑے پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں، چار ہزار میگا واٹ کی ٹرانسمیشن لائن تھر میں بنائی جارہی ہے، دوہزار بیس میں پاکستان کا شمار ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والوں میں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس میں کیا منگل کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا کی صدارت میں ہوا، چئیرمین واپڈا، سیکرٹری پانی و بجلی اور تمام ڈسکوز کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹر ی وزارت پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے کمیٹی کو بتایا کہ ایک ہی وقت میں بلنگ کرنا ممکن نہیں جس پر چئیرمین کمیٹی اقبال ظفر جھگڑا نے تجویز دی کہ بلنگ کے لئے مقررہ وقت سات روز سے بڑھا کردس روز کردیا جائے جس پر سیکرٹری پانی و بجلی نے کہا کہ آئندہ کمیٹی اجلاس میں اس پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ پیش کردیں گے،ٹرانسمیشن لائنوں سے متعلق فیکسو کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ فیصل آباد میں گیارہ ہزار کے وی کی لائن کو زیر زمین کردیا گیا ہے، سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ آزاد جموں کشمیر ایک منتازعہ علاقہ ہے آئین میں رہتے ہوئے جو معاہدہ کشمیر حکومت کے ساتھ کیا ہے اس پر عمل کرتے ہوئے انھیں انکا حق دیا جائے جس کے لئے آئین مین تبدیلی کی ضرورت نہیں، انکا کہنا تھا کہ جس معاہدہ کے تحت خیبرپختونخواہ کو تربیلا میں حصہ دیا جارہا ہے اس فارمولہ کے تحت آزاد جموں و کشمیر کو بھی منگلہ ڈیم سے منافع میں حصہ دیدیا جائے، سیکرٹری یونس ڈھاگہ نے بتایا کہ خببرپختونخواہ حکومت نے فی یونٹ ایک روپیہ دس پیسہ منافع دینے کا مطالبہ کیا تھا جس کی درخواست نپیرا میں جمع کرادی گئی ہے ، سینیٹر نعمان وزیر خٹک کا کہنا تھا کہ اگر صوبوں کو آبی وسائل میں پورا پورا حصہ دیا جاتا تو آج کوئی بھی ڈیم متنازعہ نہیں ہوتا، چئیرمین واپڈا نے بتایا کہ نیپرا اجازت دیتا ہے تو وہ منافع میں شامل کرکے متعلقہ صوبے کو دیدیئے جاتے ہیں، یونس ڈھاگہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مطالبات پر وفاق اور صوبائی حکومت کا معاہدہ طے پاگیا ہے نیٹ ہائیڈل یونٹ کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے چند روز میں معاہدے کو حتمی شکل دیکر اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کردیا جائے گا، انھوں نے بتایا کہ تھربلاک ون میں چھ سو ساٹھ میگا واٹ کے منصوبے پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر تیرہ سو بیس میگا واٹ کردیا گیا ہے، سی پیک کے تحت پانچ ہزار میگا واٹ کے منصوبے سندھ جبکہ دوہزار میگا واٹ کے منصوبے بلوچستان میں لگائے جارہے ہیں، سینیٹر عاجز دھامرہ کا کہنا تھا کہ نندی پور کا معاملہ انتہائی اہم ہے جسے کمیٹی میں کیوں نہیں اٹھایا جارہا کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اس معاملہ کو شامل کرنے کو سفارش کروں گا۔