محرم میں تمام مسالک فرقہ وارانہ امور سے اجتناب کریں،اسلامی نظریاتی کونسل کی قرارداد،مولاناشیرانی کی زیر صدارت کونسل کا اجلاس، 10نکاتی ایجنڈے پر سفارشات مرتب،تنسیخ نکاح ایکٹ میں ترمیم منظور،ایکویٹی فنڈ،بچوں کو جسمانی سزا پر اراکین سے رائے طلب، دوہری سزا کے حوالے سے کونسل نے اراکین کی کمیٹی بنا دی

بدھ 21 اکتوبر 2015 09:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اکتوبر۔2015ء) اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس چیئر مین مولانا محمد خان شیرانی کی زیر صدارت منعقد ہوا ، اجلاس میں 10نکاتی ایجنڈا پر سفارشات مرتب کی گئیں اور اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے بھی متفقہ قرارداد منظور کی گئی، اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے مرتب کردہ سفارشات کے مطابق پردہ اور حجاب کا حکم شرعی ہے جس کی پابندی ضرور ی ہے جہاں تک چہرے کے پردے کا تعلق ہے تو جہاں فتنہ کا اندیشہ ہو جیسا کہ دفاتر اور مخلوط تعلیمی ادارے اور ان جیسے دیگر مقامات جہاں مردوزن کے اختلاط کی صورتیں ہوں وہاں چہرے کا پردہ واجب ہے البتہ ضرورت اور فتنہ کا اندیشہ نہ ہونے کی صورت میں چہرہ ہاتھ اور پاؤں سے پردہ ہٹانے کی گنجائش ہے ،تنسیخ نکاح کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ اس ایکٹ میں ترمیم کی جائے اس ترمیم کو مسلم تنسیخ نکاح ترمیمی ایکٹ2015کے نام سے موسوم کیا جائے اور اسے فوری طور پر نافذ العمل کیا جائے قرآن پاک کی اشاعت کے حوالے سے سفارش کی گئی ہے کہ پاکستان میں چھپنے والے مصاحف قرآنیہ رسم عثمانی کے موافق ہیں اور درست ہیں مثالی نسخہ کے نام سے کوئی قرآن کریم نہ چھاپا جائے ،قومی زبان کی سرکاری طور پر ترویج کے حوالے سے کونسل کا کہناتھا کہ قومی زبان کی ترویج کا فیصلہ قابل تحسین ہے اور اس پر عمل درآمد کی کوشش ہونی چاہیے اوراس حوالے سے کونسل سپریم کورٹ کو خط لکھے گی جس میں درخواست کی جائے گی کہ اردو کی ترویج کے نفاذ کیلئے کونسل نے1998میں سفارشات پیش کی تھیں آپ کے فیصلہ سے کونسل کی سفارش پر عمل درآمد ہوگا ،بچوں کو جسمانی سزا دینے کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے اراکین سے آراء مانگی ہیں جس پر اگلے اجلاس میں کونسل ڈرافٹ مرتب کرے گی ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا مراسلہ بابت حج پالیسی کے بارے میں سفارشات مرتب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں تمام ملازمین کو پوری طرح آگاہ کیا جائے کہ یہ رقم ان ملازمین کی تنخواہوں سے کاٹی جائے گی اور یہ رقم وقف فنڈ برائے حج کے نام سے ہوگی خواجہ سراؤں کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل نے سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ سرا اور خنثی دو الگ الگ چیزیں ہیں مخنث کوئی الگ چیز نہیں خاندان کا حصہ ہیں اور آئین کے آرٹیکل 35کے تابع اس کے حقوق کی حفاظت ضروری ہے لہذا اگر اس میں مردانہ علامات غالب ہوں تو اس کو وراثت میں مرد کا حصہ دیا جائے اور اگر اس میں زنانہ علامات غالب ہوں تو اس کو عورت کا حصہ دیا جائے گا اور اگر مخنث مشکل ہو تو اس کو وراثت میں سے آدھا حصہ مرد اور آدھا حصہ عورت والا دیا جائے گا، دہری سزا کے حوالے سے کونسل نے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنا دی ہے جو آئندہ اجلاس تک اس حوالے میں شرعی نکتہ نظر پیش کریں گے ،متروکہ وقف املاک بورڈ کی املاک لیز پر دینے کے حوالے سے کونسل نے اپنی سفارش میں کہا ہے کہ 1953میں انڈیا اور پاکستان کے سربراہان نہرو اور لیاقت کے درمیان اس حوالے سے معاہد ہ ہوا تھا اسی پر عمل کیاجائے ،سودی سرمایہ کاری اور این آئی ٹی یونٹس کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے سفارشات میں کہا ہے کہ این آئی ٹی میں پانچ طریقوں سے سرمایہ کاری ہو رہی ہے جن میں چار غیر شرعی ہیں اورایک نئی سکیم اسلامی ایکویٹی فنڈ کے نام سے متعارف کروائی ہے جس کے بارے میں آئندہ اجلاس میں این آئی ٹی کے ماہرین اور شریعہ ایڈوائزر شرکت کریں گے تب اس سکیم کے شرعی یا غیر شرعی اسکیم کا فیصلہ کیا جائے گا اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے قرارداد بھی منظور کی گئی قرارداد کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل محرم الحرام کے با برکت مہینے میں تمام مسالک کے علماء اور عوام سے درد مندانہ درخواست کرتی ہے کہ وہ پر امن رہیں جلسے اور جلوسوں میں فرقہ وارانہ امور کے ارتکاب سے اجتناب کریں اور باہم بھائی چارے کے ماحول کو فروغ دینے کی بھر پور کوشش کریں ۔

متعلقہ عنوان :