سعودی عرب جوکام پاکستان سے کروانا چاہتاتھاسوڈان نے کردیا، ہزاروں فوجی یمن پہنچ گئے

پیر 19 اکتوبر 2015 09:44

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اکتوبر۔2015ء) یمن میں جاری جنگ میں سوڈان نے سعودی اتحاد میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اپنے سینکڑوں فوجی یمن کے ساحلی شہر عدن بھیج دیئے ہیں۔ سوڈان نے اتحاد کے معاہدے کے تحت 10ہزار فوجی یمن بھیجنے کا وعدہ کیا تھا جس کے تحت سینکڑوں فوجیوں کا یہ پہلا دستہ یمن پہنچ گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق سوڈان کی جانب سے بھیجی گئی فوج اور گاڑیاں عدن کے علاقے میں ہی تعینات کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سوڈانی فوج کی عدن میں تعیناتی کا مقصد یمن حکومت کی ماتحت نیشنل فورس کے ساتھ مل کر عدن شہر اور اس کے گردو نواح کا تحفظ کرنا اور حوثی باغیوں کے خلاف اس علاقے میں جنگ لڑنا ہے۔یمنی حکومت کے ذرائع کے مطابق کچھ ہفتوں سے حوثی باغی ایک بار پھر عدن شہر میں مورچہ زن ہو رہے ہیں اور ان کی طرف سے حکومتی اتحادی افواج کو سخت مزاحمت کا سامنا پڑ رہا ہے، اس لیے نئے آنے والے سوڈانی فوجیوں کو عدن میں ہی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ عدن میں حوثی باغی ٹارگٹ کارروائیاں کر رہے ہیں۔ گزشتہ روزبھی موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے متحدہ عرب امارات کے ایک فوجی افسر کو قتل کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :