محرم الحرام، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں،نواز شریف ،پنجاب بھرکے شہری اور دیہی علاقوں میں چھوٹے ،درمیان اور طویل المدتی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،اجلاس سے خطاب،وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ،وزیراعلیٰ پنجاب ،وفاقی اور صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری سمیت اعلیٰ حکام کی شرکت ،شہباز شریف کی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ،وزیر اعظم کا جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار ،شہبازشریف کو شاباش دی ،اجلاس میں این اے122 کے نتائج،بلدیاتی ٹکٹوں کی تقسیم اور چوہدری شیر علی کی پریس کانفرنس کا معاملہ بھی زیر غور آیا، وزیر اعظم کی معاملے کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کی ہدایت ،پنجاب بھر میں امن وامان کی صورت حال پر چیف سیکرٹری کی بھی بریفنگ

اتوار 18 اکتوبر 2015 09:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اکتوبر۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہا کہ ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں تا کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے ،پنجاب بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں چھوٹے ،درمیانے اور طویل المدتی ترقیاتی منصوبے جاری رکھے جائیں اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،ہفتہ کے روز وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت جاتی امراء میں اعلی سطح اجلاس ہوا ،اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف ،وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق ،احسن اقبال ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ،مجتبیٰ شجاع الرحمن ،چیف سیکرٹری پنجاب سمیت وفاقی اور صوبائی اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں،این اے122 میں ضمنی الیکشن ،بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹوں کی تقسیم ،محر م الحرام کی سکیورٹی صورت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبے جن میں انفراسٹرکچر ،صاف پانی ،صحت ،تعلیم ،ملتان میٹروبس ،اورنج لائن ٹرین سمیت دیگر منصوبوں پر وزیرا عظم کو تفصیلی بریفنگ دی ،وزیر اعظم نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور پنجاب حکومت کی کارکردگی اطمینان کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کو شاباش دی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں چھوٹے ،درمیانے اور طویل المدتی منصوبوں پر بیوقت کام جاری رکھا جائے، شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں تاکہ پنجاب بھر کی عوام کو ان ترقیاتی منصوبوں سے فائدہ حاصل کرنے کا مواقع مل سکیں،وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبے قبل از وقت مکمل کئے جائیں اور اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہ کی جائے ۔

اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے این اے 122 میں ضمنی الیکشن کے نتائج پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور پی پی 147 میں مسلم لیگ (ن) کے امید وار کی شکست پر ناراضگی کا اظہار کیا ،جس پر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ تحریک انصاف کا امید وار علیم خان ہمارے لئے بحریہ ٹاؤن کا مالک ملک ریاض ثابت ہوا ہے انہوں نے ضمنی الیکشن کے دوران پانی کی طرح پیسے بہایا ہے جبکہ جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی ہے،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی امید وار عبد العلیم مضبوط امید وار کے طور پر سامنے آیا ہے ،اتنا پیسہ بہانے کے باوجود بھی انہیں شکست ہوئی ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ کہ این اے 122 کی عوام اور نوجوان نے ایک بار پھر مسلم لیگ(ن) سے پیار ومحبت کا ثبوت دیا ہے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں اور حلقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،اجلاس میں پنجاب بھر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی امید واروں کو ٹکٹ جاری کرنے اور چوہدری شیر علی اور رانا ثناء اللہ کے درمیان چپقلش کا معاملہ بھی زیر غور آیا اس حوالے سے رانا ثناء اللہ نے وزیر اعظم کو تمام خدشات سے تفصیلی آگاہ کیا ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹوں کی تقسیم منصفانہ ہوئی ہے اور یہ ٹکٹ تمام پارٹی ورکروں کو دیئے گئے ہیں جن کی جانچ پڑتال ازخود میں نے کی ہے ،وزیر اعظم نے چوہدری شیر علی کی پریس کانفرنس کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس کی بجائے مل بیٹھ کر تمام معاملات کو حل کیا جائے ۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے امن وامان کی صورت حال اور محرم الحرام کی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ،وزاعظم نے سکیورٹی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف انتظامات کئے جائیں اور سکیورٹی اداروں کو الرٹ رکھا جائے تا کہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے