”را “نواز شریف اور حافظ سعید پر حملہ کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب،پنجاب پولیس ‘ انسداد دہشت گردی کے ڈیپارٹمنٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا، افغانستان پاکستان میں د ہشتگرد تنظیموں کی پشت پر ”را“ کا ہاتھ ہے،مگر ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں ، رانا ثناء الله ، نواز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کی تحقیقات کررہے ہیں ،ترجمان وزیراعظم ، منصوبہ بندی کرنے والے بہت جلد گرفتار کئے جائیں گے، مصدق ملک

اتوار 18 اکتوبر 2015 09:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اکتوبر۔2015ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا ہے کہ بھارتی ایجنسی ”را“ کا وزیراعظم نواز شریف ار جماعت الدعوة کے قائد حافظ سعید نشانے پر ہیں ان پر حملے کی منصوبہ بند کررہا ہے۔ جبکہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء الله نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا وجود اس کیلئے ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کردیں۔

افغانستان پاکستان میں دہست گرد تنظیموں کے پس پشت پر بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا ہاتھ ہے۔ مگر ہمیں ایسا کوئی خوف نہیں ہے ہم اپنا دفاع جانتے ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ پنجاب نے پنجاب پولیس ‘ انسداد دہشت گردی کے ڈیپارٹمنٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ وزیراعظم نواز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے علاوہ اہم شخصیات جماعت الدعوة کے قائد حافظ سعید سمیت دیگر نشانے پر ہیں مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ خصوصاً محرم الحرام کے مبارک مہینے کے دوران تمام خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کو مزید بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں وزیر قانون رانا ثناء الله کا کہنا تھا کہ خطرات موجود ہیں مگر گھبراہٹ کی ضرورت نہیں۔ ہماری سکیورٹی فورسز اور ادارے ہر قسم کے حفاظت کیلئے پر عزم ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب کی جانب سے بھیجا گیا مراسلہ اس لئے ارسال کیا گیا تھا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید الرٹ ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سمیت تمام دیگر شخصایت کی فل پروف سکیورٹی مہیا کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ”را“ ایجنسی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بنائی گئی ہے۔ ہم اپنا دفاع جانتے ہیں اورہمارے کوئی ایسے عزائم نہیں ہیں کہ کسی ہمسایہ ملک میں عدم استحکام پیدا کریں۔

پاکستان دہشت گردوں کی حمایت نہیں کرتے ہیں پاکستان نے بھارت کے خلاف دہشت گردی سے متعلق تمام ثبوت اقوام متحدہ کے سامنے رکھ دیئے ہیں۔ فیصلہ انہوں نے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ہوں گے پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے معاملے میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتی۔ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں کوئی تبدیلی کی درخواست نہیں کی ہے۔

ادھروزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کی تحقیقات کررہے ہیں بہت جلد منصوبہ بندی کرنے والے گرفتار کئے جائیں گے۔ میدیا رپورٹ کے مطابق ترجمان مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے بھارتی ایجنسی ”را“ وزیراعظم نواز شریف نشانے پر ہے سے متعلق مراسلہ وزیراعظم سیکرٹریٹ کو 9 اکتوبر کو ملا تھا ۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم پر بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کی جانب سے بنائی گئی منصوبہ بندی کی تحقیقات جاری ہیں اس منصوبے میں ملوث ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے معاملے کو بے نقاب کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات میں منفی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ پاکستان اپنا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔