سانحہ منیٰ کے شہید و لاپتہ پاکستانیوں کی تلاش،وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے جانیوالے وزیر خزانہ بھی مایوس لوٹ آئے، زخمیوں کی عیادت کی اجازت مل سکی نہ لا پتہ پاکستانیوں کی فہرست حاصل کر سکے

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اکتوبر۔2015ء) وزارت مذہبی امور کی ناکامی کے بعدسانحہ منیٰ میں شہید اور لاپتہ ہونے والے پاکستانیوں کی تلاش کیلئے وزیر اعظم کا خصوصی پیغام لے کرجانے والے وفاقی وزیر خزانہ بھی مایوس لوٹ آئے ، انہیں تین سو سے زائد زخمیوں کی عیادت کی اجازت مل سکی اور نہ ہی لا پتہ پاکستانیوں کی فہرست حاصل کر سکے،تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سعودی اعلیٰ حکام سے ملاقات کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ، سانحہ منی میں 102پاکستانی شہید جبکہ16پاکستانی تا حال لاپتہ ہیں اور تین سو کے قریب پاکستانی زخمی اب بھی سعودی عرب کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

وزارت خزانہ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سانحہ منی میں شہید اور لاپتہ پاکستانیوں کے بارے میں درست معلومات لینے میں ناکامی کے بعدوزیر اعظم پاکستان نے وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈارکو فوری طور پر سعودی عرب جانے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار خصوصی مختصر دورے پر سعودی عرب جاپہنچے اور وہاں پر سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے ساتھ سانحہ منی میں شہید اور لاپتہ پاکستانیوں کے حوالے سے پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا اس موقع پر سعودی حکام نے وزیر خزانہ کو یقین دہانی کرائی کہ سانحہ منیٰ میں شہید اور لاپتہ ہونے والے تمام پاکستانیوں کے بار ے میں معلومات پاکستانی حکام کو فراہم کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اعتراف کیا تھا کہ سعودی حکام سانحہ منیٰ کے حوالے سے پاکستانی حکام کو معلومات فراہم نہیں کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :