سعودی حکومت نے اعتماد میں لئے بغیر سانحہ منیٰ کے شہید حاجیوں کو دفنایا ہے، احتجاجی خط بھی لکھا ہے،سردار یوسف ،سعودی حکومت نے ایسا کرکے زیادتی کی ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور ، قائمہ کمیٹی نے سرکاری سکیم پر خدام کی مد میں جانیوالے سرکاری ملازمین کی فہرست طلب کرلی ،سانحہ منیٰ میں اب تک 99 افراد شہید، 18 لاپتا ہیں، ڈی جی حج کی بریفنگ ،حج مشن نے سعودی حکومت سے حج انتظامات مزید بہتر بنانے کی سفارشات دی ہیں،سیکرٹری حج

بدھ 14 اکتوبر 2015 09:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر سانحہ منیٰ کے شہید حاجیوں کو دفنایا ہے،اس حوالے سے احتجاجی خط بھی لکھا گیا،سعودی حکومت نے ایسا کرکے زیادتی کی ہے، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے سرکاری سکیم پر خدام کی مد میں جانے والے سرکاری ملازمین کی فہرست طلب کرلی ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں ڈی جی حج نے بریفنگ میں بتایا کہ سانحہ منیٰ میں اب تک 99 افراد شہید، 18 لاپتا ہیں، جوائنٹ سیکرٹری حج نے بتایا کہ حج مشن نے سعودی حکومت سے حج انتظامات مزید بہتر بنانے کی سفارشات دی ہیں، وزیرمذہبی امور سردار یوسْف نے کہا کہ وہ واقع سے قبل شیطان کو کنکریاں مار کر حرم پہنچ گئے تھے جہاں انہیں واقعہ کی اطلاع ملی، پہلے پتا چلا کہ 100 حجاج شہید ہوئے، بعد میں حجاج کے شہید ہونے کی تعداد بڑھتی گئی، اطلاعات اور معلومات میں مشکلات کا سامنا تھا، ہم نے بہتر رابطوں اور درست اطلاعات کے لئے ڈیسک قائم کیا۔

(جاری ہے)

شہدا کی شناخت میں مشکلات کا سامنا رہا، لاپتا حجاج کے لواحقین رابطہ کرتے اور فورا ان کی تلاش شروع کر دی جاتی، سعودی عرب سے حجاج کی میتیں لانے کا عمل وقت لیتا ہے، مختلف اداروں سے سرٹیفکیٹ لینے کے بعد گورنر سے اجازت لینا پڑتی ہے، اسد گیلانی کی میت پاکستان لانے کے لئے خود گورنر مکہ سے بات کی ہے، اسکے علاوہ دیگر حجاج کی میتیں لانے کے لئیے بھی گورنر سے خود بات کی، سعودی وزیر مذہبی امور سے کہا کہ ہمارے جو حاجی شہید ہوئے انہیں دفنانے سے قبل ہمیں اطلاع کریں، ہمارے کہنے کے باوجود ہمیں بتائے بغیر شہداء کی تدفین کی گئی، ہم نے خط بھی لکھا کہ پاکستانی شہید حجاج کو دفنانے سے قبل آگاہ نہیں کیا جا رہا، سعودی قانون ہے کہ ورثاء کی اجازت کے بغیر دفنایا نہیں جاتا، سعودی حکومت نے ایسا کر کے ذیادتی کی ہے، کمیٹی نے سرکاری سکیم پر خدام کی مد میں جانے والے سرکاری ملازمین کی فہرست طلب کرلی۔

ممبر کمیٹی عبدالغفار نے کہا کہ وفاقی وزیر کے پی ایس سیف الرحمان نے خلاف قانون سیکڑوں من پسند افراد کو حج پر بھجوایا۔

متعلقہ عنوان :