کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے،نیب نے 264 ارب روپے سے زائدکی رقم اب تک ریکو ر کی ہے،قمر زمان چوہدری،نیب ملائیشین اینٹی کرپشن اکیڈمی کی طرز پر انسداد بدعنوانی اکیڈمی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے،2013ء کے مقابلہ میں 2014ء میں عوام کا نیب پر اعتماد بڑھا ہے، چیئرمین نیب

پیر 12 اکتوبر 2015 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اکتوبر۔2015ء)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن تمام برائیوں کی جڑ ہے، اس سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں تاخیر ہوتی ہے بلکہ قومی خزانہ کو بھی بڑا نقصان پہنچتا ہے، نیب نے 264 ارب روپے سے زائد رقم اب تک ریکو ر کی ہے، 2013ء کے مقابلہ میں 2014ء میں نیب کو موصول ہونے والی درخواستیں دگنا ہیں جو عوام کی جانب سے نیب پر اعتماد کا مظہر ہے۔

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے جب سے نیب کی سربراہی سنبھالی ہے انہوں نے جامع قومی انسداد بدعنوانی سٹریٹجی ترتیب دی، گذشتہ ایک سال کے دوران نیب نے 4 ارب 50 کروڑ روپے کی لوٹی ہوئی رقم واپس لی جبکہ اب تک 264 ارب 40 کروڑ روپے کی کل ریکوری ہوئی۔ نیب نے 2014ء کے دوران 585 انکوائریاں مکمل کیں جبکہ 2013ء میں یہ تعداد 243 تھی، 2014ء میں 188 تفتیشیں کیں جو 2013ء میں 129 تھیں، 2014 ء کے دوران نیب نے 208 ریفرنس فائل کئے جبکہ 2013ء میں ان کی تعداد 135 تھی۔

(جاری ہے)

غیر سرکاری تنظیم پلڈاٹ نے اپنے حالیہ سروے میں نیب کی کارکردگی 42 فیصد قرار دی ہے جبکہ پولیس پر اس سروے میں 29 فیصد اور حکومتی افسران پر 26 فیصد اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بھی اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں پاکستان کا درجہ کرپشن میں 175 سے کم کر کے 126 قرار دیا ہے جو کہ نیب کی کاوشوں اور کامیابیوں کی وجہ سے ہے، 22 ارب روپے کے مضاربہ کیس میں نیب نے 6 ریفرنس فائل کئے اور اب تک ایک ارب 73 کروڑ روپے واگزار، 32 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ریٹنل پاور پراجیکٹس میں نیب نے 8 ریفرنس بھیجے ہیں، نیب کے چیئرمین کے احکامات کی روشنی میں مقدمات نمٹانے کیلئے 10 ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ نیب نے کرپشن سے متعلقہ کیسوں کو اولین ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے، نیب نے مانیٹرنگ و ایولوشن سسٹم بنایا ہے۔ نیب نے وزارت قانون کو وسل بلوئنگ پروٹیکشن ایکٹ کی تجویز دی ہے۔ اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی کے تحت پاکستان اس قانون سازی کا ذمہ دار ہے، وزیراعظم نے اس کی منظوری بھی دیدی ہے اور یہ کابینہ ڈویژن کو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرنے کیلئے بھجوا دیا گیا ہے، نیب کے چیئرمین کے احکامات پر 110 نئے تفتیشی افسران کی بھرتی کی گئی ہے اور انہیں جدید بنیادوں پر پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں تربیت دی گئی ہے۔

نیب اسلام آباد میں انسداد بدعنوانی اکیڈمی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ نیب کے افسران اور حکام کی ملائیشین اینٹی کرپشن اکیڈمی کی طرز پر استعداد کار میں اضافہ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :