وفاق نے خیبر پختونخوا حکومت کے 120ارب روپے کے فنڈز دینے ہیں ،پرویز خٹک، صوبے کو بجلی کے کوٹے سے صرف دس فیصد دیا جارہا ہے جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، اگر ہمیں مکمل اختیار دیاجائے تو آدھی قیمت پر عوام کو بجلی دے سکتے ہیں، عمران خان خیبر پختونخوا حکومت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ،پرویز رشید اپنے کندھے سے بڑھ کر بات نہ کیا کریں ، پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 11 اکتوبر 2015 09:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اکتوبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاق نے خیبر پختونخوا حکومت کے 120ارب روپے کے فنڈز دینے ہیں ، صوبے کو بجلی کے کوٹے سے صرف دس فیصد دیا جارہا ہے جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ، اگر ہمیں مکمل اختیار دیاجائے تو آدھی قیمت پر عوام کو بجلی دے سکتے ہیں ، عمران خان خیبر پختونخوا حکومت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ،پرویز رشید اپنے کندھے سے بڑھ کر بات نہ کیا کریں ۔

ان خیالات کااظہار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کے پی کے ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بجلی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر خود کام کررہی ہے ہم نے ہزارہ اور مالاکنڈ میں ہائیڈل کے 360منی مائیکرو پراجیکٹ شروع کئے ہیں اور یہ دو سال کے عرصے میں مکمل کرلئے جائینگے ۔

(جاری ہے)

اس سے 4024 میگا واٹ کی بجلی حاصل ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا حکومت کے 120ارب روپے ادا کرنے ہیں ہم نے اس مقصد کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج بھی کیا تھا ۔ وفاقی وزراء ہمارے ساتھ بات چیت کے بعد ایم او یو سائن نہیں کررہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنی گالہ سے کوئی احکامات موصول نہیں ہوتے خیبرپختونخوا حکومت آزادانہ کام کررہی ہے ہم نے عوام کو اپنے پارٹی منشور کے مطابق سہولیات فراہم کررہے ہیں اور دیگر صوبوں کی طرح کوئی دعوے نہیں کررہے ہم نے بلدیاتی انتخابات کروائے اور یہ بلدیاتی انتخابات دیگر صوبوں کی نسبت سب سے اچھے ہیں ہمارے بلدیاتی نظام میں اختیارات نچلے لیول پر منتقل ہوچکے ہیں جبکہ باقی صوبوں میں جو بلدیاتی نظام متعارف کروایا گیا ہے ان میں ڈویلپمنٹ فنڈ اور اختیارات کو نچلے لیول پر نہیں دیا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ایک نیشنل ایشو ہے اس پر اتفاق رائے ہونا چاہیے ہماری پارٹی کا موقف یہ ہے کہ اس پر کمیشن بنا کر صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے اگر صوبے اس پر اتفاق کرتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات نشریات پرویز رشید پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرویز رشید اپنے کندھے سے بڑی بات نہ کیا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہائیڈل سے بجلی پیدا نہ کرنے والے الزام (ن) لیگ کے تین لوگوں نے لگایا ہے یہ الزامات سراسر غلط ہیں ہائیڈل سے ہم بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرسکتے ہیں لیکن نواز لیگ کے دانیال عزیز ، مائزہ حمید اور طلال چوہدری کی جانب سے انتہائی غلط پروپیگنڈہ کیا گیا ہے جس کے مطابق خیبر پختونخوا ہائیڈل سے بجلی بنانے کی بجائے سٹے بازی میں پیسہ استعمال کررہی ہے یہ بات واضح ہے کہ جو پیسہ مقررہ وقت پر منصوبوں پر خرچ نہیں کیا جاتا وہ واپس خزانے میں جمع ہوجاتا ہے جس پر کام جون کے بعد دوبارہ شروع کردیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ہائیڈل سے ہم پچاس ہزار میگا واٹ تک بھی بجلی پیدا کرسکتے ہیں لیکن مرکزی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں اور ہم چاہتے ہوئے بھی کوئی کام نہیں کرسکتے ۔