پاک چائنہ تجارتی اقتصادی راہداری سے نیا خوشحال پاکستان وجود میں آئے گا‘ حمزہ شہباز،عمران خان قبضہ گروپوں اور قرضہ خوروں کو پرموٹ کر رہے ہیں۔ لیڈر بننے کے لئے نواز شریف شیر جیسا کلیجہ چاہئے، عمران خان 11 اکتوبر کی شکست کو تسلیم کرنے کا حوصلہ پیدا کرنے کی کوشش کریں‘ شیر کو مت چھیڑو ورنہ شیر نہیں چھوڑے گا،عمران خان خوشاب، ننکانہ، منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخابات میں میرے مقابلے جلسے کر کے 40 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست کھا چکے ہیں، لاہور، پنڈی، ملتان میٹرو بس کے بعد لاہور میں میٹرو ٹرین ”بلے بلے“ کر دے گی‘ سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ میں این اے 122 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ سے خطاب

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 09:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2015ء) پاک چائنہ تجارتی اقتصادی راہداری سے نیا خوشحال پاکستان وجود میں آئے گا۔ عمران خان قبضہ گروپوں اور قرضہ خوروں کو پرموٹ کر رہے ہیں۔ لیڈر بننے کے لئے نواز شریف شیر جیسا کلیجہ چاہئے۔ عمران خان 11 اکتوبر کی شکست کو تسلیم کرنے کا حوصلہ پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ شیر کو مت چھوڑو ورنہ شیر نہیں چھوڑے گا۔

لاہور، پنڈی، ملتان میٹرو بس کے بعد لاہور میں میٹرو ٹرین ”بلے بلے“ کر دے گی۔ عمران خان خوشاب، ننکانہ، منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخابات میں میرے مقابلے جلسے کر کے 40 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست کھا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ میں این اے 122 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ کیا۔ جس میں (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کو لاہور کی ترقی اچھی نہیں لگتی۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے میٹرو بس اور اب میٹرو ٹرین پر تنقید کے گولے برسا رہے ہیں لیکن (ن) لیگ مخالفین کی بے جا تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور کوشش کرتی رہے گی۔ لاہور اور پنڈی میں میٹرو بس عوام کو سہولت دے رہی ہے اور ملتان میں دن رات میٹرو بس کا کام جاری ہے جبکہ لاہور میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی مالیت سے چلنے والی میٹرو اورنج لائن ٹرین سے بلے بلے ہو جائے گی۔

حمزہ شہباز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اوکاڑہ میں آپ نے نواز شریف کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ میں آپ کے خلاف اخلاق سے گری ہوئی گفتگو نہیں کروں گا کیونکہ میری تربیت اعلیٰ اخلاق سے ہوئی ہے لیکن میں بس اتنا کہوں گا کہ شیر کو مت چھیڑیں ورنہ شیر آپ کو نہیں چھوڑے گا لیکن ہم نے اور عوام نے دیکھا کہ دھرنے پر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والوں کا کس طرح دھڑن تختہ ہوا۔

لیڈر بننے کیلئے بڑا ظرف چاہئے اور شیر کا کلیجہ چاہئے جو میاں نواز شریف کے پاس ہے۔ عمران خان کو بھی اپنا ظرف تبدیل کرنا ہوگا۔ نواز شریف نے اقوام متحدہ میں جس طرح کشمیری موقف کو بیان کیا ہے پوری دنیا کے مسلمان پاکستان کے عوام اور کشمیری عوام نواز شریف کو بہت سراہ رہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ ننکانہ، منڈی بہاؤالدین اور خوشاب میں عمران خان میرے مقابلے میں الیکشن مہم میں حصہ لیتے تھے اور جلسوں میں تقاریر کرتے تھے لیکن 40 ہزار سے زائد ووٹوں سے ان کو اور ان کے امیدواروں کو شکست ہوئی کیونکہ عوام کو آپ کا اصل چہرہ نظر آ گیا ہے اور وہ سمجھ گئے ہیں کہ (ن) لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر ترقی کی روشنیوں کا سفر طے کرواتے ہوئے خوشحالی کی منزل تک لے کر جائے گی۔