ن لیگ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتی ہے لیکن اپنی سرمایہ کاری دیگر ممالک میں ہے‘ عمران خان، نواز شریف پاکستان کا سب سے کرپٹ ترین آدمی ہے۔ سپریم کورٹ اصغر خان کیس پر پیش رفت کیوں نہیں کر رہی ہے، تحریک انصاف کے نئے پاکستان میں دنیا سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے کیلئے آئیں گے‘ برے وقت میں شریف برادران کی طرح جدہ یا لندن نہیں بھاگوں گا، مہران بنک اور اسامہ بن لادن سے پیسے لینے والے ہم پر الزام لگا رہے ہیں‘ علیم خان، میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی اور چودھری سرور کو کامیاب انتخابی مہم پر شاباش، پنجاب پولیس (ن) لیگ کا عسکری ونگ ہے‘ پنجاب پولیس کا قبلہ بہی درست کر دیں گے‘ گزشتہ روز مزنگ میں جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 09:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتی ہے لیکن اپنی سرمایہ کاری دیگر ممالک میں ہے۔ نواز شریف پاکستان کا سب سے کرپٹ ترین آدمی ہے۔ سپریم کورٹ اصغر خان کیس پر پیش رفت کیوں نہیں کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کے نئے پاکستان میں دنیا سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے کیلئے آئیں گے۔

برے وقت میں شریف برادران کی طرح جدہ یا لندن نہیں بھاگوں گا۔ مہران بنک اور اسامہ بن لادن سے پیسے لینے والے ہم پر الزام لگا رہے ہیں۔ علیم خان، میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی اور چودھری سرور کو کامیاب انتخابی مہم پر شاباش۔ پنجاب پولیس (ن) لیگ کا عسکری ونگ ہے۔ پنجاب پولیس کا قبلہ بہی درست کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے گزشتہ روز مزنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیٹے کا 2 سو ارب روپے کا کاروبار ہے وہ بتائیں کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا ہے۔ نواز شریف کا اپنا 144 ارب روپے بیرون ممالک میں ہے وہ اپنا پیسہ پاکستان میں کیوں نہیں لاتے اور دوسروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ منی لانڈرنگ کا کیس ان کے خلاف ثابت ہو چکا ہے لیکن ان کے کیسز دبے ہوئے ہیں۔ اصغر خان کیس میں جنرل درانی نے اپنا بیان حلفی جمع کروایا ہوا ہے کہ انہوں نے اس دور میں نواز شریف کو 35 لاکھ روپے مہران بنک سے لیکر دیئے جبکہ خواجہ خالد نے اعتراف کیا انہوں نے اسامہ بن لادن سے بے نظیر حکومت کو گرانے کے پیسے نواز شریف کو دیئے۔

نواز شریف پاکستان کے کرپٹ ترین شخص ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کا پیسہ بیرون ملک منتقل کر کے اپنے اکاؤنٹ بھرے ہوئے ہیں جبکہ میں نے ساری عمر کرکٹ کھیلی اور پیسہ پاکستان میں لیکر آیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے پیسے پاکستان میں ہیں۔ میرا ایک پیسہ بھی بیرون ملک میں نہیں ہے۔ عمران خان بزدل نہیں ہے جو کسی بھی برے وقت میں ملک کو چھوڑ جائے گا۔

پاکستان کی محبت تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ کسی بھی حالت میں اپنے ملک کی مٹی سے بے وفائی نہیں کروں گا۔ شریف برادران کی طرح جدہ، لندن میں نہیں بھاگوں گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ (ن) لیگ نے پنجاب پولیس کو زبردستی اپنا عسکری ونگ بنا رکھا ہے۔ ماڈل ٹاؤن جیسا واقعہ پولیس گردی کی مثال ہے تحریک انصاف پولیس کا قبلہ درست کرے گی اور یہی پولیس مثالی پولیس ہوگی۔

تحریک انصاف حکومت میں آ کر ایسے اقدامات کرے گی کہ لوگ دنیا سے پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے کیلئے آئیں گے۔ اس موقع پر عمران خان نے چودھری سرور، میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی اور علیم خان کو بھرپور انتخابی مہم چلانے پر مبارکباد دی۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا شیخ رشید گواہ ہیں نواز شریف نے گلف ممالک سے الیکشن کے لیے پیسے لیے۔

کہتے ہیں عبدالعلیم خان پر قبضہ گروپ کے الزامات لگائے گئے لیکن ن لیگ تو پوری قبضہ گروپ ہے۔گزشتہ روز حلقہ این اے 122 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے منعقد کیے جانے والے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا جنون کا مقابلہ اس جماعت سے ہے جس کا سورج غروب ہو رہا ہے۔ حکمران سمجھتے ہیں آرام سے این اے 122 کا الیکشن جیت جائیں گے۔ عبدالعلیم خان پر قبضہ گروپ کے الزامات لگائے گئے لیکن ن لیگ تو پوری قبضہ گروپ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا ن لیگ دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی۔ نوجوان اور بہنوں سے درخواست ہے کہ 11 اکتوبر کو دھاندلی روکنے کی پوری کوشش کریں۔ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا میاں صاحب اپنے درباریوں سے گھٹیا باتیں نہ کروایں۔ غدار وہ ہوتا ہے جو ملک سے بے وفائی کرتا ہے۔ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔ میاں صاحب آپ کیطرح مشکل وقت میں معاہدہ کر کے جدہ نہیں بھاگ جاوٴں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا مجھے قوم اس وقت سے جانتی ہے جب گراوٴنڈ میں پاکستان کا پرچم بلند کرتا تھا۔ نواز شریف نے بینظیر کی حکومت گرانے کیلئے پیسے لیے اور جنرل درانی نے کہا میں نے 35 لاکھ روپے نواز شریف کو دیئے۔ عمران خان نے کہا شیخ رشید گواہ ہیں نواز شریف نے گلف ممالک سے الیکشن کے لیے پیسے لیے۔ میرا سارا پیسہ ملک میں ہے اور پورا ٹیکس دیتا ہوں۔ میاں صاحب آپ کی طرح پیسہ باہر نہیں رکھا ہوا۔