ڈی جی رینجرز سندھ کی وزیراعلی قائم علی شاہ سے ملاقات ، رینجرز کیخلاف اشتہارات بارے تبادلہ خیال ،امن و امان کی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت، ڈی جی رینجرز نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا

جمعہ 9 اکتوبر 2015 08:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2015ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے ایوان وزیر اعلیٰ میں سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی ، رینجرز کیخلاف شائع ہونے والے اشتہارات بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کی ہے ، ڈی جی رینجرز نے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی ، ذرائع کے مطابق ڈی جی رینجرز نے وزیر اعلیٰ سندھ کو کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ رینجرز کے خلاف شائع ہونے والے اشتہار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ شہرمیں قیام امن کیلئے رینجرزاورپولیس کا کردارقابل ستائش ہے دونوں اداروں میں غلط فہمیاں پیدانہیں ہونے دیں گے،کراچی میں امن و امان کی بحالی میں رینجرز کے کردار کو وزیراعلی نے سراہتے ہوئے کہا کہ رینجرز سندھ حکومت کا حصہ ہے۔ دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتہار کے معاملے پر سندھ پولیس نے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہار بعض اہلکاروں نے مذموم مقاصد کے تحت شائع کرائے۔ وزیر داخلہ سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اس اشتہار کا نوٹس لیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔