مودی سرکار پاکستان پر حملہ کرے تو ہم اس کی حمایت کریں گے: شیو سینا

بدھ 7 اکتوبر 2015 09:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2015ء)بی جے پی کے برسر اقتدار آتے ہی ایک طرف بھارتی مسلمانوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے تو دوسری جانب انتہاء پسند ہندووٴں میں پاکستان کے خلاف جنگ لڑنے کا جنون زور پکڑ رہا ہے۔پاکستان ہمیشہ سے ہی انتہاء پسند ہندووٴں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے، انتہاء پسند ہندو جماعت بی جے پی کے برسر اقتدار آتے ہی انتہاء پسند ہندو آپے سے باہر ہو رہے ہیں۔

نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر اقلیتیں بھی انتہاء پسند ہندووٴں کے ہاتھوں تنگ آ چکی ہیں۔ مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر کئی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

نوبت یہاں تک آن پہنچی ہے کہ انتہاء پسند ہندو پاکستان کے خلاف جنگ لڑنے کی گیڈر بھبھکیاں دینا شروع ہو گئے ہیں۔ کچھ روز پہلے بھارتی ایئر چیف مارشل اروپ راہا نے آزاد کشمیر پر میانمار سٹائل حملے کی دھمکی دی تو آج انتہاء پسند ہندو جماعت شیو سینا بھی اپنے بل سے باہر نکل آئی۔

شیو سینا کے رہنما نے مودی سرکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کچھ ہمت ہے تو پاکستان پر حملہ کرے، شیو سینا اس کی حمایت کرے گی تجزیہ کاروں کے مطابق مودی سرکار کی آشیر باد سے بھارتی انتہاء پسند ہندووٴں میں بڑھتا جنگی جنون خطے کے امن کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔