جیالے صرف تیر کے نشان والے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں، بلاول بھٹو زرداری ،تیر کے نشان والے امیدوار ہی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے حقیقی پیروکار ہیں، پارٹی سے باہر کے کچھ لوگ شہید بینظیر بھٹو اور میرے پورٹریٹ استعمال کر رہے ہیں ان کا پارٹی اور جیالوں سے کوئی تعلق نہیں ،پیپلزپارٹی بدین کے منتخب اراکین، ضلعی عہدیداران اور مقامی رہنماوٴں کے اجلاس سے خطاب

بدھ 7 اکتوبر 2015 09:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7اکتوبر۔2015ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف تیر کے نشان والے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں کیونکہ تیر کے نشان والے ہی بھٹوازم کے حقیقی نمائندے ہیں، بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی بدین کے منتخب اراکین، ضلعی عہدیداران اور مقامی رہنماوٴں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر کے نشان والے امیدوار ہی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے حقیقی پیروکار ہیں، پارٹی سے باہر کے کچھ لوگ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میرے پورٹریٹ استعمال کر رہے ہیں ان کا پاکستان پیپلزپارٹی اور جیالوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اس لیے عوام پاکستان پیپلزپارٹی کے ہی نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دیں۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج بلاول ہاوٴس میں بدین اور ٹنڈومحمدخان اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداران، منتخب اراکین اور مقامی رہنماوٴں کے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کی، جن میں دیگر سے ساتھ ایم این اے فریال تالپر، نائب صدر پی پی پی پی سینیٹر شیری رحمان، صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور جمیل سومرو نے بھی شرکت کی۔

اجلاسوں میں شریک عہدیداراں، خصوصاً بدین ضلع سے تعلق رکھنے والے رہنماوٴں نے بتایا کہ بدین میں کچھ فریبی لوگ بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پورٹریٹ استعمال کر کے پارٹی کے ہی امیدواروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔بدین اور ٹنڈومحمد کان اضلاع کے عہدیداروں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ دونوں اضلاع میں پاکستان پیپلزپارٹی مضبوط ہے اور بلدیاتی انتخابات میں عوام کی حمایت سے پارٹی کے تمام مخالفین کو شکست دیں گے