محتسب پنجاب کا گوجرانوالہ میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹوں کی خریدوفروخت فوری بند کرنیکا حکم، سکیم کے پلاٹوں کی مزید رجسٹریوں کا عمل فوری طور پر رو کا ہاؤسنگ سکیم مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جاوید محمود

منگل 6 اکتوبر 2015 08:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6اکتوبر۔2015ء) محتسب پنجاب جاوید محمود نے گوجرانوالہ میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹوں کی خریدوفروخت فوری طور پر بند کرنے، سکیم کے پلاٹوں کی مزید رجسٹریوں کا عمل فوری طور پر روکنے اور ہاؤسنگ سکیم مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ٹی ایم اے اروپ ٹاوٴن کے علاقے میں گلشن رحمان ہاؤسنگ سکیم کے الاٹیوں نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ 2001میں پلاٹوں کی فروخت کے وقت ان کو یقین دلایا گیا تھا کہ ہاؤسنگ سکیم متعلقہ اداروں سے منظور شدہ ہے اور اس پر ترقیاتی کام دو تین ماہ میں شروع کر دیا جائے گا لیکن طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود ترقیاتی کام نہیں کئے گئے اور عوام کو بیوقوف بنا کر لوٹا جا رہا ہے جبکہ ٹی ایم اے اور گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

محتسب پنجاب نے ڈسٹرکٹ ایڈوائزر گوجرانوالہ ظفر اقبال گل کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی۔ انکوائری کے دوران پتہ چلا کہ گلشن رحمان ہاؤسنگ سکیم سے متعلقہ ریکارڈ نہ تو ٹی ایم اے اروپ ٹاوٴن کے پاس ہے اور نہ ہی یہ گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے منظور شدہ ہے۔ انکوائری کے نتیجے میں سامنے آیا کہ ہاؤسنگ سکیم کا کسی قسم کا ماسٹر پلان بھی نہیں بنا اس کے باوجود 2001سے اب تک پلاٹوں کی خریدوفروخت جاری ہے اور سکیم کے تقریباً تمام پلاٹ کئی کئی دفعہ فروخت ہو چکے ہیں جبکہ موقع پر ترقیاتی کام ہوا ہی نہیں ہے۔

محتسب پنجاب نے الاٹیوں کے حقوق اور سرمایہ تحفظ کیلئے گلشن رحمان ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹوں کی مزید خریدوفروخت سکیم کے ماسٹر پلان کی منظوری تک بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ محتسب پنجاب نے اے سی صدر/سب رجسٹرار صدر کو حکم دیا ہے کہ پابندی کے عرصہ کے دوران اگر سکیم کے مالکان اقرار نامہ وغیرہ کے ذریعے کوئی پلاٹ فروخت کرنے کی کوشش کرے تو ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے اورقانونی تقاضے پورے ہونے تک گلشن رحمان ہاؤسنگ سکیم کے پلاٹوں کی رجسٹریوں کا عمل بھی روک دیا جائے۔ محتسب پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹی ایم او اروپ ٹاوٴن کو حکم دیا ہے کہ تین ماہ کے اندر گلشن رحمان ہاؤسنگ سکیم کے معاملات کا جائزہ لے کر محتسب پنجاب آفس رپورٹ پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :