پی پی 16- کا ضمنی انتخاب ،الیکشن کمیشن نے نئی ٹیکنالوجی رزلٹ ٹرانسمیشن موبائل ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ،پہلی بار استعمال ہوگی

منگل 6 اکتوبر 2015 08:54

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6اکتوبر۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ پی پی 16- کے آج 6 اکتوبر 2015 کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے متعلق نئی ٹیکنالوجی رزلٹ ٹرانسمیشن موبائل ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے جس کا پہلی بار استعمال کیا جائے گا ، ضمنی انتخابات میں موبائل ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ، اس ٹیکنالوجی کے ذریعے پریذائیڈنگ افسر اپنے پولنگ اسٹیشن کے انتخابی نتائج فارم 14 اور فارم 15 کو برائے راست موبائل کے ذریعے تصویر بنا کر الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کے ڈیٹا بینک / ڈیٹا سرور کو بھجوا دے گا اور اس کی افادیت یہ ہو گی کہ ہر پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ اص وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کے کمپیوٹر میں سٹور ہو جائے گا اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے ٹرانسپیرنسی الیکشن میں شفافیت ہو گی اور دھاندلی کا شائبہ تک نہیں رہے گا الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2013 میں ایس ایم ایس ( 8300 ) ملائیشیا میں ایوارڈ جیتا تھا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2014 میں دوسرا انٹرنیشنل ایوارڈ کمپیوٹرائزڈ الیکٹرول سسٹم ساؤتھ افریقہ میں جیتا تھا اس طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ٹیکنالوجی ان الیکشن کو دنیا بھر میں تسلیم کر لیا گیا ہے اور سراہا بھی جا رہا ہے انتخابی اصلاحات کمیٹی آف پارلیمینٹ کا 35 واں اجلاس چیئرمین کمیٹی شاہد حامد کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان بابر یعقوب فتح محمد نے ضمنی الیکشن حلقہ پی پی 16- اٹک ٹو میں استعمال کی جانے والی موبائل ٹیکنالوجی کی جامع بریفینگ دی جس میں ممبران پارلیمنٹ اور چیئرمین نے موبائل ٹیکنالوجی کے استعمال اور افادیت کی کھل کر تعریف کی اور ٹیکنالوجی تیار کرنے والے الیکشن کمیشن حکام کو شاباش دی اور یہ بھی کہا کہ 6 اکتوبر 2015 کو موبائل ٹیکنالوجی کا پائلٹ پروجیکٹ کامیاب رہا تو کمیٹی اسے ملک بھر میں استعمال کرنے کی سفارش کرے گی کیونکہ یہ اپنی نوعیت کی دنیا بھر میں موبائل ٹیکنالوجی کے الیکشن میں استعمال کی منفرد مثال ہے ۔