بھارت کو ہماری تجاویزآج یا کل ماننا پڑیں گی،نواز شریف،بھارت الزام تراشی سے امن قائم نہیں کر سکتا ،اقوام متحدہ فورم پر تمام معاملات کا ذکر کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز بھی پیش کیں،عالمی سطح پرہماری تجاویز سنی اور عمل کیا جارہا ہے ،کئی سالوں سے کشمیریوں پر ظلم کیا جارہا ہے،پاکستان اور بھارت کو متوازن سوچ اپنانا ہوگی،لندن میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 4 اکتوبر 2015 08:04

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4اکتوبر۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن کیلئے خلوص نیت کے ساتھ تجاویز دی ہیں،بھارت الزام تراشی سے امن قائم نہیں کر سکتا ، آج نہیں تو کل بھارت کو ہماری تجاویز پر عمل کرنا پڑ ے گا یہی اصل راستہ ہے،اقوام متحدہ کے فورم پر تمام معاملات کو اٹھایا ہے اور ان کے حل کیلئے تجاویز بھی دی ہیں،کشمیر کے مسئلے پر ہماری بات عالمی سطح پر سنی جارہی ہے اور ان پر عمل بھی کیا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت الزام تراشی کا سلسلہ بند کر ے،الزام تراشی سے خطے میں امن قائم نہیں کیا جا سکتا ہے، ہم نے خطے میں مستقل قیام امن کیلئے خلوص نیت کے ساتھ تجاویز پیش کی ہیں بھارت کو ان تجاویز پر عمل ہر صورت عمل کرنا ہوگا،ہماری تجاویز اصل راستہ ہیں بھارت اس راستے پر آج آئے یا کل لیکن آنا ضرور پڑے گا،ہم سمجھتے ہیں کہ جتنا جلدی ہو سکے اسی راستے کو اپنایا جائے،انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی ان تجاویز پر عمل کرنا ہوگا،عالمی برادری نے ہماری تجاویز سنی ہیں اور اس پر عمل بھی کیا جارہا ہے ،اقوام متحدہ کے فورم پر نہ صرف تمام معاملات کو اٹھایا ہے بلکہ ان کے حل کے لئے تجاویز بھی دی ہیں،وزیر اعظم نے کہا کہ 60 ،70 سالوں سے بھارت جو کچھ کرتا رہا ہے سوائے جنگوں کے کچھ نہیں ملا ہے بلکہ اس سے خطے کا امن متاثرہونے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل بھی متاثرہوا ہے،ہماری ٹھوس تجاویز پر سب کو ہر صورت عمل کرنا ہوگا،پاکستان اور بھارت کو متوازن سوچ اپنانا چاہیے،وزیر اعظم نے کہا کہ کئی سالوں سے کشمیریو ں پر ظلم کیا جارہا ہے ،لاکھوں کشمیری آزادی کے حصول کیلئے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں ،عالمی برادری کو مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے جو تجاویز عالمی برادری کے سامنے پیش کی ہیں ان تجاویز پر غوروخوض کے ساتھ ساتھ عمل بھی کیا جارہا ہے ،آہستہ آہستہ ہماری مشکلات آسان ہوتی جارہی ہیں،پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ خیر کریگا،بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن)کو کامیابی حاصل ہوگی،ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ بے نظیر بھٹوقتل کیس میں مارک سیگل کا عدالت میں ریکارڈ کیا گیا بیان صرف پڑھا ہے۔