رینٹل پاور کیس :راجا پرویز اشرف کی احتساب عدالت میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست،سابق وزیر اعظم کو سکیورٹی خدشات ہیں ، مستقل استثنیٰ دیا جائے ، وکیل صفائی ، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،مجھ پر مالی بدعنوانی نہیں اختیارات کے غلط استعمال کاالزام ہے،راجا پرویز اشرف ،رینٹل پاورمیں الزامات لگانے سے پہلے تحقیقات ہونی چاہیے۔میڈیا سے گفتگو

جمعرات 1 اکتوبر 2015 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2015ء) رینٹل پاور کیس میں سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش، حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی ، عدالت نے سابق وزیر اعظم کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر کے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے نیب کی جانب سے دائر سمندری رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت کی۔

سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سمیت دیگر بارہ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ، دیگر ملزمان میں سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع ، سابق سیکرٹری اسماعیل قریشی ، پیپکو کے سابق ایم ڈیز طاہر بشارت چیمہ اور منور بصیر شامل ہیں جن پر اختیارات کے ناجائز استعمال ، قوانین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت تمام ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم کی گئیں۔

راجا پرویز اشرف نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم کو سیکورٹی خدشات کا سامنا ہے ، حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پرویز اشرف کی درخواست پر جواب طلب کر لیا ہے۔ مقدمے کی سماعت نو اکتوبر کو ہو گی۔آئندہ سماعت پر ملزمان کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز ہو گا۔

عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان پر مالی کرپشن کا نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد کیا گیا ، جو بھی اقتدار میں آتا ہے اس پر الزام تراشی ہوتی ہے ، الزام پہلے لگتا ہے تفتیش بعد میں ہوتی ہے پھر کیس عدالت جاتا ہے ، عدالت سے انصاف کی توقع ہے۔نیپرا رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں خواجہ سعد رفیق نے رینٹل پاور پراجیکٹ کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ، خود اقتدار میں آئے تو رینٹل پاور کم آئی پی پیز کی منظوری دے دی گئی ہے ۔

ادھرسابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مجھ پرمالی بدعنوانی نہیں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے ،یہ الزام بھی جھوٹے ثابت ہوں گے۔رینٹل پاور کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے سے پہلے تحقیقات ہونی چاہیے۔راجا پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ رینٹل پاور کے معاملے پرخواجہ آصف میرے خلاف سپریم کورٹ گئے، اب وہ وزیرپانی وبجلی ہیں اور کابینہ نے رینٹل پاور کی منظور دیدی ،بات یہ ہے کہ جو کام ہم کریں تو غلط اور وہ کریں تو درست ہے۔

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف سمندری رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی، عدالت نے کہا کہ ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ بھی آئندہ سماعت پر ہو گا،اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے سابق سمندری رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف عدالت میں پیش ہو گئے اور ا?ئندہ کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی جس پرفیصلہ آئندہ سماعت پر کیا جائے گا۔راجا پرویز اشرف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف نوڈیرو ون رینٹل پاور ریفرنس اسی عدالت میں 9 اکتوبر کے لیے مقرر ہے لہذا آئندہ سماعت ایک ہی روز کر لی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔