سیاستدانوں نے کرپشن کی مگر باقی ملک بھی کرپشن سے پاک نہیں،رضاربانی،سول اور ملٹری بیورو کریسی صاف ستھری نہیں، کوئی مقدس گائے نہیں ، نیب کا بھی احتساب ہونا چاہئے ،ماضی کی غلطیوں پر کمیٹی تشکیل دی جائے،پورے ملک میں کرپشن ہے، غیر جانبدارانہ تحقیقات اور کارروائیاں ہونی چاہئیں میں اس اقدام کی بھرپور حمایت کروں گا،کراچی میں تقریب سے خطاب

جمعرات 1 اکتوبر 2015 08:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2015ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری بیورو کریسی صاف ستھری نہیں۔ پیپلزپارٹی کے کچھ لوگوں سمیت سیاستدانوں نے بھی کرپشن کی مگر باقی ملک بھی کرپشن سے پاک نہیں ہے ۔ کوئی مقدس گائے نہیں ہیں ۔ نیب کا بھی احتساب ہونا چاہئے میں اس کا بھرپور ساتھ دوں گا اورماضی کی غلطیوں پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ۔

بدھ کے روز کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ میں رضا ربانی نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ پیپلزپارٹی میں بھی کرپٹ لوگ موجود ہیں اور ملک بھر میں سیاستدانوں نے کرپشن بھی کی مگر سیاست دانوں کے علاوہ بھی پورے ملک میں کرپشن ہے جس کے خلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات اور کارروائیاں ہونی چاہئیں میں اس اقدام کی بھرپور حمایت کروں گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے احتساب کے لئے علیحدہ سے خصوصی عدالتیں قائم نہیں کرنا چاہئیں اگر سیاستدانوں کے احتساب کے حوالے سے خصوصی عدالتیں ہیں تو پھر ہر پاکستانی کے احتساب کے لئے خصوصی عدالتیں ہی ہونا چاہئیں جبکہ ملک میں سول اور ملٹری بیوروکریسی بھی صاف ستھری نہیں اور سب کا احتساب ہونا چاہئے جو واضح طور پر غیر جانبدار ہو ۔ اب یہ نہیں چلے گا کہ سیاسی سوچ والوں کے لئے خصوصی عدالتیں بنائی جائیں سب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کرنے والوں میں بھی کرپشن موجود ہے اس حوالے سے ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے اور اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ماضی کی گئی غلطیوں کو دیکھے اور اس حوالے سے نیب کے قانون کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے قانون میں ترامیم کر کے نیب کو بھی احتسابی عمل کے دائرہ کار میں لایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :