پنجاب میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے سب سے بڑے اسکینڈل کے بعد ایک اور بڑا اسکینڈل منظر عام پر آ گیا، اسنوکر اور کمپیوٹر گیم کی دکان میں کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی کے بعد ڈرا دھمکا کر ہوس کا نشانہ بنائے جانے کاانکشاف ، ویڈیو کلپ اور تصاویر بھی بنائی جاتی تھیں ،واقعہ کا علم ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمران عرف چیئرمین کو گرفتار کرلیا جس نے جرم کا اعتراف کرلیا

جمعرات 1 اکتوبر 2015 08:15

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2015ء) پنجاب میں گزشتہ ماہ ملکی تاریخ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے سب سے بڑے اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد ایک اور بڑا اسکینڈل منظر عام پر آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے نواحی گاوٴں چھنی ہنجرواں میں عمران عرف چیرمین نامی شخص نے اسنوکر اور کمپیوٹر گیم کی دکان کھول رکھی تھی جہاں کمسن بچوں کا آنا جانا لگا رہتا تھا۔

عمران کم سن بچوں کو ڈرا دھما کر انھیں ہوس کا نشانہ بنانے کے ساتھ ان کی برہنہ تصاویر اور ویڈیو کلپ بھی بناتا رہا۔

(جاری ہے)

پولیس کو جب واقعہ کا علم ہوا تو ملزم عمران عرف چیرمین کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب متاثرہ بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ ملزم کئی ماہ تک بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، ملزم نے 40 سے زائد معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور ان کی ویڈیو بنائی لیکن بعض والدین شرمندگی سے بچنے کے لئے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ قصور میں پاکستان کی تاریخ میں جنسی زیادتی کا سب سے بڑا اسکینڈل منظر عام پر آیا تھا جس میں 280 سے زائد بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر والدین کو بلیک میل کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :