حکومت کا اکتوبر کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا اعلان ،ٹیکس ریٹرنزجمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیاہے،اسحاق ڈا ر ،آئی ایم ایف سے 50 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے سے قرضوں پر بوجھ نہیں پڑے گا،عالمی مارکیٹ میں زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی کے باعث حکومت نے کسان پیکج کا اعلان کیا ، پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہورہاہے،ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملہ قانونی ہے، ای سی سی حتمی فیصلہ کرے گی،سانحہ منی ٰ افسوس ناک ، سعودی حکام سے لاپتہ افراد بارے معلومات کیلئے مسلسل رابطے میں ہیں، وزیر خزانہ کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 1 اکتوبر 2015 08:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ ٹیکس ریٹرنزجمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کا فیصلہ کیا گیاہے،آئی ایم ایف سے 50 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے سے قرضوں پر بوجھ نہیں پڑے گا۔ عالمی مارکیٹ میں زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی کے باعث حکومت نے کسان پیکج کا اعلان کیا ، پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہورہاہے۔

دورہ امریکہ سے وطن واپسی پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ 31 ستمبر سے بڑھا کر 31 اکتوبر کرنے کی منظوری دی گئی ہے اس طرح اسمیں ایک مہینے کی توسیع کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری بھیجی تھی،حکومت نے اسے مسترد کرکے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اکتوبر کے مہینے میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک امریکہ کے دورے پر ہیں میں نے انہیں فون کے ذریعے اوگرا کی سمری سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے اوگرا کی سمری یکسر مسترد کرکے اکتوبر کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات بدستور برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے، اوگرا نے پیٹرولیم کی مصنوعات میں 15 پیسے کمی ‘ ڈیزل میں 2 روپے 68 پیسے کمی کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور کے یورو بانڈ کیلئے دنیا بھر سے پیشکش آئی ہے ۔

پانچ سو ملین یورو باندز کیلئے آٹھ کے بجائے چار روڈ شو کئے گئے دنیا کی دس بڑی سرمایہ کار کمپنیوں نے یورو بانڈ لئے ہیں 30 فیصد امریکہ اور برطانیہ کے ادرون نے یورو بانڈ لیے ہیں ‘ یورپی یونین نے 12 فیصد اور باقی ایشیا ء نے خریدلئے ہیں ۔ عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال کے باوجود پاک یورو بانڈ کو زبردست پذیرائی ملی اور عالمی سرمایہ کاروں نے عالی منڈی کے ساتھ یورو بانڈز میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کی معاشی صورتحال پر اعتماد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا سے باعزت طریقے سے کاروبار کرنا ہے۔

پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہورہاہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امریکہ سے سٹریٹجک اور اقتصادی لحاظ سے بات چیت اور مثبت رہی۔ انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملہ قانونی ہے اس حوالے سے ای سی سی حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران صدر اوپیک سے توانائی کے معاملے پر بات چیت ہوئی ۔ چیئرمین ایگزام سے ایل این جی سے 3600 میگاواٹ بجلی کے منصوبے پر تعاون کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے پچاس کروڑ ڈالر کی قسط آج بروز جمعرات مل جانے کا امکان ہے۔ اس قسط کے ملنے سے ملک کے قرضوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گردشی قرضوں کے خاتمے کیلئے توانائی کے منصوبوں میں اصلاحات لانی پڑیں گی۔ اس وقت ملک کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ملک کے زرمبادلہ ذخائر 18 ارب پچاس کروڑ ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ سانحہ منیٰ تکلیف دہ ہے پاکستانی حکام وزارت خارجہ اور مذہبی امور مسلسل سعودی حکام سے لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے رابطے میں ہیں۔ حکومت نے ایمرجنسی کیمپ بھی لگا دیا ہے اس بارے متنازعہ باتیں پھیلانا مناسب نہیں ہے یہ لاکھوں لوگوں کا اجتماع تھا۔