پاکستان اور بیلاروس میں تجارت اور معیشت پر تعاون کے روڈ میپ پردستخط،دونوں ملکوں کے مابین تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کیلئے تفصیلی مذاکرات

بدھ 30 ستمبر 2015 09:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2015ء)پاکستان اور بیلاروس میں تجارت اور معیشت پر تعاون کے روڈ میپ پردستخط کر دئیے گئے۔روڈ میپ پر پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان اور بیلاروس کی طرف سے وزیر صنعت وٹالی ایم ووک نے دستخط کئے۔دستخط کی تقریب کے بعد دونوں وزراء نے اپنے وفد کے ہمراہ تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کیلئے تفصیلی مذاکرات کئے ۔

وفاقی وزیر تجارت نے ملاقات کے دوران بتایا کہ وزارت تجارت ان اشیاء کی فہرست تیار کر رہی ہے جس پر دونوں ممالک ایک دوسرے کوزیرو ٹیرف پر تجارت کی اجازت دیں گے ،اس لسٹ کا جلد تبادلہ کر لیا جائے تاکہ باہمی تجارت میں تیزی آسکے۔یہ بھی اتفاق کیا گیاکہ دونوں ممالک کی سر زمین پر اسپیشل اکنامک زونز تعمیر کئے جائیں گے جہاں ٹیکسٹائل،چمڑے ،فرنیچر، کھیلوں کے سامان اورآلات جراحی کی صنعت کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیلاروس کے وزیر نے بتا یا کہ نومبر میں بیلاروس کے وزیر اعظم پاکستا ن کا دورہ کریں گے جس میں متعدد ایم او یوز پر دستخط کئے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ بیلاروس پاکستان میں ایک ٹریڈ آفیسر تعینات کر رہا ہے جو پاکستان بیلاروس تجارتی اور معاشی روڈ میپ پر عملدرآمد کیلئے پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں رہے گا۔دونوں وزراء نے پاکستان میں بیلاروس کے ٹریکٹر ،کان کنی کے آلات اور زرعی مشینرعی کی تیاری کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر کے پراجیکٹ خصوصاً پاکستان چین اکنامک کاریڈور کے پراجیکٹس میں بیلاروس کی شمولیت کیلئے سٹڈی کرائی جائے گی۔ بیلاروس کا دس رکنی وفد وزیر صنعت وٹالی ایم ووک کی قیادت میں پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :