تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے درمیان اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط ،قومی وطن پارٹی صوبائی حکومت میں شمولیت اختیار کریگی

بدھ 30 ستمبر 2015 09:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے درمیان منگل کے روز اسلام آباد میں ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے جس کے تحت قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا کی موجودہ اتحادی حکومت میں شمولیت اختیار کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین، خیبر پختونخوا اسمبلی میں قومی وطن پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سکندر حیات شیرپاؤ اور رکن صوبائی اسمبلی انیسہ زیب طاہر خیلی نے اپنی اپنی پارٹی کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے مرکزی سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، ہاشم بابر، محمد سلیم خان ایڈوکیٹ، عبدالمالک خان، صوبائی وزراء شاہ فرمان و محمد عاطف خان اور پی ٹی آئی کے صوبائی آرگنائزر فضل محمد خان بھی موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق دونوں سیاسی جماعتیں صوبے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی اور قومی وطن پارٹی اس ضمن میں خیبر پختونخوا کی موجودہ اتحادی حکومت میں شمولیت بھی اختیار کرے گی۔