پاکستان اور بیلاروس میں تجارت اور معیشت پر تعاون کے روڈ میپ پر اتفاق، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر اور بیلاروس کے وزیر صنعت وٹالی ایم ووک دستخط کریں گے

منگل 29 ستمبر 2015 09:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2015ء) پاکستان اور بیلاروس میں تجارت اور معیشت پر تعاون کے روڈ میپ پر اتفاق کر لیا گیا۔روڈ میپ پر پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان اور بیلاروس کی طرف سے وزیر صنعت وٹالی ایم ووک دستخط کریں گے۔ روڈ میپ کے مطابق دونوں ممالک آئندہ پانچ سال میں دو طرفہ تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھائیں گے ۔

دونوں مما لک تجارت ، زراعت ، زرعی تحقیق،سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل، فارما، صحت ،انفارمیشن ٹیکنالوجی،فنانشل سروسز ، ٹرانسپورٹ اور بینکنگ سیکٹرز میں تعاون پر اتفاق رائے کیا گیا۔ بیلاروس کا دس رکنی وفد وزیر صنعت وٹالی ایم ووک کی قیادت میں پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہے، پاکستان کی طرف سے وزارت تجارت ، ٹیکسٹائل، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے مذاکرات میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مذاکرات میں طے پایا کہ دونوں ممالک تجارت کے فروغ کیلئے ٹیر ف کم کرنے اور تجارت کی راہ میں حائل دوسری رکاوٹیں دور کرنے کیلئے ورکنگ گروپ قائم کریں گے۔وفاقی وزیر تجارت نے مذاکرات کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان یوریشین کسٹمز یونئین میں شمولیت کیلئے جلد درخواست دے گا،انھوں نے بیلاروس کی طرف سے یوریشین کسٹمز یونین میں شمولیت کیلئے بیلاروس کی حمایت کی یقین دہانی پر بیلاروس کا شکریہ ادا کیا۔دونوں ممالک میں کاروباری حضرات کیلئے ویزے کی سہولت کیلئے کونسلر کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔دونوں ممالک کے کسٹمز حکام تجارتی اعدادوشمار کی درستگی کیلئے ایک جلد ملاقات کا انعقاد کریں گے۔

متعلقہ عنوان :