لاہور میں 469 ، اسلام آباد میں 325 حجاج وطن پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

منگل 29 ستمبر 2015 09:00

لاہور / اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2015ء)قومی ائیر لائن کی خصوصی پروازوں کے ذریعے عازمین حج کی جدہ سے پاکستان واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ،دو پروازوں سے 469 عازمین لاہور جبکہ ایک پرواز سے 325 عازمین حج اسلام آباد پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 6312 سعودی عرب کے شہر جدہ سے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پہنچ گئی۔

پرواز نے گزشتہ شب دو بجکر 15 منٹ پر پہنچنا تھا جو تین گھنٹے کی تاخیر سے پانچ بج کر دس منٹ پر بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ ایئرپورٹس سیکورٹی فورس اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے غیر متعلقہ افراد اور میڈیا کے ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

خصوصی پرواز سے وطن واپس پہنچنے والے حجاج کرام ایئرپورٹ کے اندر سے گاڑیوں میں سوار ہو کر آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے ، انتظامیہ کی جانب سے ائیرپورٹ گیٹس پر بھی کسی کو رکنے کی اجازت نہیں تھی۔ دوسری طرف لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی پہلی حج پرواز میں ایک سو پچپن مسافر وطن پہنچے جبکہ دوسری پرواز کے ذریعے 354 حاجیوں کی واپسی ہوئی۔ حجاج کرام کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے پرتپاک استقبال کیا اور ان کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

متعلقہ عنوان :