نوازشریف، جان کیری ملاقات : پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق، امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پا کستا ن سے تعاون جاری رکھیں گے ، امر یکی نمائندہ خصوصی کی میڈ یا کو بر یفنگ

منگل 29 ستمبر 2015 08:56

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2015ء)وزیراعظم نوازشریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق، وزیراعظم کے دورہ امریکا پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قائم مقام نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان کارل ملر نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے اکتوبر میں دورہ امریکا کے منتظر ہیں۔

ملاقات میں جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کوسراہا، پاک امریکا تعلقات کومزید مضبوط بنانے اور انہیں وسعت دینے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا۔کارل ملر کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، تناوختم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو اقدامات کرناچاہئیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ملیحہ لودھی ،طارق فاطمی، اسحاق ڈار اور امریکا کے پاک افغان شعبے کے ڈائریکٹر بھی شریک تھے۔ پا کستا نی حکام کے مطا بق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ امریکا دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتا ہے ، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر اور بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھا دیا۔وزیراعظم نواز شریف نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے نیویارک میں ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم اور جان کیری کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جو بیس منٹ سے زائد جاری رہی۔