ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی،پشاور،مردان ،نوشہرہ سمیت خیبرپختونخواہ اورفاٹاکے مختلف علاقوں میں عید جمعرا ت کو منا ئی گئی ،سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں، امریکا اور برطانیہ میں عیدالاضحیٰ پر مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کے مطابق قربانی کی،مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوا، امت مسلمہ میں اتحاد اور امن عالم کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں

جمعہ 25 ستمبر 2015 07:30

اسلام آباد،پشاور،نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2015ء)ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ آج (جمعہ )کومذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ آج (جمعہ)کومذہبی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی ،اسلام آبادمیں فیصل مسجد،لاہورمیں بادشاہی مسجد،کراچی کوئٹہ اوردیگرعلاقوں میں عیدکے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے اورعیدکے بعدلوگ قربانی کریں گے ۔

عیدکے موقع پرملک بھرمیں سیکورٹی کوالرٹ رکھاگیاہے ،سندھ ،پنجاب ،خیبرپختونخواہ اوربلوچستان میں رینجرزاورپولیس کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ،جبکہ حساس اضلاع کی سیکورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے ،ادھرپشاور،مردان ،نوشہرہ سمیت خیبرپختونخواہ اورفاٹاکے مختلف علاقوں اورافغان مہاجرکیمپوں میں جمعرات کوعیدمنائی گئی ،پشاورمیں عیدکاسب سے بڑااجتماع مسجدمہابت خان اورقاسم خان میں ہواجبکہ نوشہرہ میں تبلیغی مرکزمیں عیدکے بڑے اجتماعات ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسیکیورٹی کوہائی الرٹ رکھاگیاتھا۔ادھرسعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں، امریکا اور برطانیہ میں عیدالاضحیٰ پر مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کے مطابق قربانی کی۔۔مسجد الحرام میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ہوامسجد نبوی میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، اس موقع پر امت مسلمہ میں اتحاد اور امن عالم کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

انڈونشیا کے مختلف شہروں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔دارالحکومت جکارتہ میں مردوں کے علاوہ خواتین کیلئے بھی نماز عید کا اہتمام کیا گیا۔نماز کے بعد جانوروں کی قربانی کی گئی۔خیلجی ریاست کے علاوہ امریکا ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں بھی عید قربان منائی جا رہی ہے۔امریکی صدر باراک اوباما اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے پیغامات میں مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی۔

مسلمان طالب علموں کے لیے نیو یارک میں اس سال نیویارک میں مسلمان طالب علموں کے لئے عیدٰالاضحٰی پرتعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔تاریخ میں پہلی مرتبہ 1800 اسکول مسلمان طالب علموں کے لئے بند رہیں گے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے دار الحکومت پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں جمعرات کو عید الاضحی منائی گئی جبکہ بعض علاقوں میں جمعہ کو عید منائی جائے گی۔پشاورکے دیہاتی علاقوں میں آج جبکہ شہری علاقوں میں کل جمعہ کے روز عید منائی جائے گی۔صوبے کے دیگر علاقوں نوشہرہ، کوہاٹ، مردان، چارسدہ، بنوں اور کرک میں جزوی عید منائی گئی۔اس کے علاوہ خیبر ایجنسی ، مہمند ایجنسی ، باجوڑ ایجنسی سمیت قبائلی علاقوں میں بھی آج عید الاضحی منائی جا رہی ہے۔