مسلمان گمراہ کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل نہ کریں، داعش امت مسلمہ کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے،خطبہ حج،داعش نے مسجدوں کو بھی نہیں چھوڑا اور وہاں بھی دہشت گردی کی، امت مسلمہ انسانیت کو گمراہی سے نکال کر ہدایت کی راہ پر گامزن کرتی ہے، مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور قوتوں کو جمع کر کے دین حق پر استعمال کریں اور گمراہ جماعتوں کے فتنہ کے خلاف جہاد کریں ،اسلام کو تمام مذاہب پر برتری حاصل ہے، دین نے ہی انسانوں کو یکجا کیا، مکہ اور مدینہ منورہ حرمت والے شہر ہیں، ہدایت پانے والے سنت نبویﷺ پر عمل کریں، اللہ نے ہر قسم کے ظلم کو حرام قرار دیا ہے،یہودی انتہائی ظالم ہیں انہوں نے انسانیت کو پامال کیا، مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ کا خطبہ حج

جمعرات 24 ستمبر 2015 09:39

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24ستمبر۔2015ء) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن عالم اسلام کے خلاف مختلف سازشوں میں مصروف ہے مگر مسلمان گمراہ کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل نہ کریں۔ داعش اسلام کے نام پر امت مسلمہ کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ امت مسلمہ انسانیت کو گمراہی سے نکال کر ہدایت کی راہ پر گامزن کرتی ہے مگر داعش نے مسجدوں کو بھی نہیں چھوڑا اور وہاں بھی دہشت گردی کی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن لبادہ اوڑ کر اسلام کی جڑوں کو کمزور کرنے پر لگے ہوئے ہیں اور مختلف شکلوں میں اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اس لئے مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور قوتوں کو جمع کر کے دین حق پر استعمال کریں اور گمراہ جماعتوں کے فتنہ کے خلاف جہاد کریں۔

(جاری ہے)

یہودی انتہائی ظالم ہیں انہوں نے انسانیت کو پامال کیا۔ مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ نے مسجد نمرا سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ کا فرمان ہے کہ جس نے حج کیا وہ گناہوں سے نومولود کی طرح پاک ہے۔

تقویٰ اور اللہ کی اطاعت کریں۔ کیونکہ اللہ نے ہمیں پستیوں سے نکال کر ہدایت کی راہ پر گامزن کیا۔ دین اسلام کو تمام مذاہب پر برتری حاصل ہے۔ دین اسلام نے ہی انسانوں کو یکجا کیا۔ مکہ اور مدینہ منورہ حرمت والے شہر ہیں۔ ہدایت پانے والوں کو سنت نبویﷺ پر عمل کرنا چاہئے۔ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی تمام صلاحیتوں اور قوتوں کو اللہ کی راہ میں صرف کریں اور گمراہ جماعت کے فتنہ کے خلاف جہاد کریں۔

اللہ نے ہر قسم کے ظلم کو حرام قرار دیا ہے۔ اسلام امن پیار محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ یہ کسی بے گناہ کو قتل کرنے کی اجازت نہیں دیتا اور نہ ہی مسلمان کبھی دوسرے مسلمان بھائی پر لعنت بھیجتا ہے۔ اصل زندگی آخرت کی ہے یہ حیات عارضی ہے۔ اللہ کے فرمان نے حق اور باطل کی نشاندہی کر دی ہے اور اللہ کے احکامات پر عمل کرنا ہر مسلمان کی معراج ہے۔

اسلام کا لبادہ اوڑ کر گمراہ کرنے والوں کے خلاف امت مسلمہ متحد ہو جائے۔ ان گمراہ جماعتوں کا مقصد امت مسلمہ کو پستیوں کی جانب دھکیلنا ہے۔ علم حاصل کر کے ہی اسلام دشمنوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ مسلمانو! اللہ کا خوف کرو اور عدل و انصاف کرو۔ اللہ ظلم کرنے والوں کو جلد ہی صفحہ ہستی سے مٹا دیتا ہے جس نے اللہ کے ساتھ شرک کیا اس کا ٹھکانہ جہنم ہے ہمیں اسلام کے داخلی اور خارجی دشمنوں سے باخبر رہنا ہو گا۔

اللہ کا فرمان ہے کہ لوگوں کو عطا کردہ نعمتیں اللہ کی طرف سے ہیں کوئی بھی غیر مسلموں کو بھی قتل کرنے کی کوشش نہ کرے۔ داعش اسلام کے نام پر امت مسلمہ کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ امت مسلمہ انسانیت کو گمراہی سے نکال کر ہدایت کی راہ پر گامزن کرتی ہے مگر داعش نے مسجدوں کو بھی نہیں چھوڑا اور وہاں بھی دہشت گردی کی جبکہ اسلام عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا درس دیتا ہے۔

نبی کریمﷺ نے فتنہ پھیلانے اور کسی کی جان لینے سے منع فرمایا ہے۔ دشمن عالم اسلام کے خلاف مختلف سازشوں میں مصروف ہے مگر مسلمان ان گمراہ کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل نہ کریں صحافی اپنی آواز بلند کرتے ہوئے صرف حق کی آواز عوام تک پہنچائیں۔ دعا ہے کہ اللہ مصیبت میں پھنسے مسلمانوں کو نکالے۔ علماء بہتر انداز میں دین کی دعوت دیں کیونکہ دنیا عمل کی جگہ ہے آخرت میں حساب ہو گا۔

یہودی انتہائی ظالم ہیں انہوں نے انسانیت کو پامال کیا۔ اللہ نے اسلام کو نافذ کرنے کے لئے مکہ اور مدینہ کو منتخب کیا اور اسلام کا پیغام انسانیت تک پہنچانے کا حکم دیا۔ ہر مسلمان نظام تعلیم کو بہتر کرنے کی کوشش کرے۔ اسلام کی دعوت اور تبلیغ سب پر لازم ہے۔ مفتی اعظم نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتری کے لئے استعمال کریں۔

اللہ سے ڈریں اور شرک سے بچیں۔ آج کے زمانے میں فتنہ پھیل چکا ہے اس سے محتاط رہیں۔ مفتی اعظم نے کہا کہ اسلامی ریاستوں پر حملہ کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ مسلمانو! فتنہ پھیلانے والوں کے ہاتھ کھلونا نہ بنو۔ آج امت میں فساد پھیل چکا ہے اور دشمن لبادہ اوڑ کر اسلام کی جڑوں کو کمزور کرنے پر لگے ہوئے ہیں اور مختلف شکلوں میں اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اس لئے مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور قوتوں کو جمع کر کے دین حق پر استعمال کریں اور گمراہ جماعتوں کے فتنہ کے خلاف جہاد کریں۔

اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنے سے ہی کامیابی حاصل ہو گی۔ حق اور سچ کا دین صرف اللہ کا دین ہے ہمیں چاہئے کہ اخلاص اور اخلاق کو اختیار کریں اور یہی اللہ کا حکم ہے۔ اے مسلمانو! صبر کا راستہ اختیار کرو جلد اللہ کی نصرت حاصل ہو گی۔ اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا نیت میں خلوص نہ ہو تو اللہ کوئی عمل بھی قبول نہیں کرتا۔ خوشی اور غمی ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرو۔

اسلام نے انسانوں کے لئے بہترین ضابطہ حیات پیش کیا اور اسے تمام مذاہب پر فضیلت حاصل ہے۔ اسلام کی آمد سے قبل لوگ گمراہی کی زندگی بسر کر رہے تھے۔ اسلام نے ہمیں ہدایت اور سیدھے راستے پر گامزن کیا۔ انہوں نے عازمین حج کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ نے انہیں اس دولت سے نوازا ہے اور وہ حج کی سعادت حاصل کر سکے۔