4 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی،لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کور کمانڈر راولپنڈی تعینات،لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کور کمانڈر سدرن کمانڈ، صادق علی کور کمانڈر لاہور تعینات، عاصم سلیم باجوہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر برقرار، اکرام الحق کور کمانڈر گوجرانوالہ ،عمر فاروق درانی کور کمانڈر منگلا، بلال حسین آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کے عہدے پر تعینات، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ،کور کمانڈر لاہور نوید زمان ،طارق ندیم گیلانی اور اعجاز چوہدری اگلے ماہ ریٹائرڈ ہو جائیں گے

بدھ 23 ستمبر 2015 09:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بری فوج کے 4 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدوں پر ترقی دینے کے بعد پاک فوج کے مختلف اعلیٰ عہدوں پر افسران کے تقرر و تبادلوں کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر فوجی تاریخ میں پہلی بار کسی لیفٹیننٹ جنرل کو تعینات کیا گیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے مختلف اعلیٰ عہدوں پر پاک فوج کے افسران کے تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کو ڈی جی ایم او کے عہدے سے تبدیل کرکے کور کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کردیا جبکہ اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ اس عہدے پر فائز تھے اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال کو کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا اور اس سے پہلے اس عہدے پر لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ تعینات تھے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تاریخ میں پہلی بار اس عہدے پر لیفٹیننٹ جنرل کو فائز کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کو کور کمانڈر لاہور تعینات کیا گیا اور لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل بلال حسین آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے واضح رہے کہ منگل کے روز آرمی چیف نے چار میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدوں پر ترقی دی تھی جن میں میجر جنرل ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ ، میجر جنرل عامر ریاض ، میجر جنرل صادق علی اور میجر جنرل عمر فاروق درانی ترقی پا کر لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدوں پر فائز کئے گئے تھے جن کو منگل کے روز ہی فوج کے مختلف اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

ترقی پانے والے چاروں میجر جنرل اس وقت پاک فوج کے مختلف شعبوں میں اپنے فرائض انجا م دے رہے ہیں میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے عاصم سلیم باجوہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر عامر ریاض ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے عہدت پر تعینات ہیں جبکہ صادق علی 35 ویں انفنٹر ڈویژن میں جنر ل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی ) بہاولپور اور عمر فارق دررانی وائس چیف آف جنرل سٹاف ایس جی برانچ میں اپنی زمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں ۔

پاک فوج کے چار لیفٹیننٹ جنرل اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد آئندہ چند روز میں ریٹائر ہو جائیں گے۔ان میں کمانڈر سدرن کمانڈ کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ،کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان ، لیفٹننٹ جنرل طارق ندیم گیلانی اور لیفٹیننٹ جنرل اعجاز چوہدری شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :