امریکی سفارتخانے کی توسیع، سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ ، دفاع ،خارجہ ، قانون اور سی ڈی اے کو نوٹسز جاری کر دیئے

منگل 22 ستمبر 2015 09:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے امریکی سفارتخانے کی توسیع کے خلاف دائر وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ ، وزارت دفاع ، وزارت خارجہ ، وزارت قانون اور سی ڈی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے اور مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے ۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پیر کے روز مقدمے کی سماعت کی اس دوران درخواست گزار پیش ہوئے تو عدالت نے ان سے پوچھا کہ آپ کو سابقہ تاریخ سماعت پر آرٹیکل 19 کے تحت امریکی سفارتخانے کی توسیع بارے معلومات حاصل کرکے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی تھی اس کا کیا بنا تو اس پر ظفر اللہ نے بتایا کہ انہیں معلومات نہیں دی گئی ہیں وزارت خارجہ اور سی ڈی اے سے جواب مانگا جائے اس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے سوال کیا کہ کیا سپریم کورٹ کو اس معاملے کی سماعت کا اختیار حاصل ہے بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ یہ انتہائی اہم نوعیت کا مقدمہ ہے جس میں دو ملکوں کی سکیورٹی کی بات ہے بہتر ہوگا کہ اس حوالے سے فریقین سے جواب طلب کیا جائے جس پر عدالت نے مذکورہ بالا وزارتوں اور سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیاہے اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے