مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم میں وزراء اور دیگر ارکان اسمبلی کی عدم شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کر لیا،وزیر اعظم نے کابینہ اور اسمبلی ارکان کو ضمنی انتخابات کی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کی ہدایت کردی

پیر 21 ستمبر 2015 09:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21ستمبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم میں ارکان قومی اسمبلی کے حصہ لینے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کا احترام کرتے ہوئے وزراء ،مشیران اور دیگر ارکان اسمبلی کی عدم شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے ،مسلم لیگ ن کے صدر اور اور وزیر اعظم نواز شریف نے کابینہ اور اسمبلی ارکان کولو دھراں اور لاہور کے حلقوں میں ضمنی انتخابات کی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کی ہدایت کردی ہے ، وزیر اعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ(ن ) اور وزیر نواز شریف نے اپنی پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں کو کہا ہے کہ وہ ان دونوں حلقوں میں انتخابی مہم جاری رکھیں لیکن ان حدود کے اندر رہیں جو عدلیہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مقرر کی ہیں ،وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو سختی سے عدالتی حکم کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے انکا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور اگے بھی کرتے رہیں گئے،کوئی وزیر ،مشیر یا ارکان اسمبلی لودھراں اور لاہور کے ضمنی انتخابات میں انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں ۔