بڈھ بیر حملہ میں شہید 5 اہلکاروں کی آبائی علاقوں میں نماز جنازہ ،اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک،چاک وچوبند دستے نے سلامی دی اور پھول چڑھائے،نماز جنازہ میں پاک فضائیہ کے افسران ،جوانوں اور شہداء کے لواحقین کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،رقت آمیز مناظر

اتوار 20 ستمبر 2015 10:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء)بڈھ بیر میں ائیرفورس کے بیس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے اہلکاروں کی ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز میں تدفین کر دی گئی ،فوج کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی اور پھول چڑھائے ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز پاک فضائیہ کے جونیئر ٹیکنیشن شان شوکت کی نماز جنازہ فیصل آباد کے علاقے رحمت آباد میں ادا کی گئی، ونگ کمانڈر مزمل کامران کے علاوہ فیصل آباد ڈویژن اور ضلع کی سطح کے افسران اہل محلہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، پاک فضائیہ کے جونیئر ٹیکنیشن طارق عباس کی نماز جنازہ میانوالی کے علاقے موچھ میں ادا کی گئی، پاک فضائیہ کے اہلکارمحمد افضل کی نمازجنازہ ملتان کے نواحی علاقے مبارک پور میں تدفین ہوئی، ائر فورس کے جونئیر ٹیکنیشن عامر شہزاد کی نمازجنازہ میانوالی کے علاقے دندی شریف میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

ریڈار آپریٹر منیر احمد کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کے آبائی علاقے گجرات میں سپرد خاک کیا گیا،شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ کے بعد اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاک فضائیہ کے افسران جوانوں اور رشتہ داروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد سے شرکت کی،اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،دوسری جانب سانحہ پشاور کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں قتل اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں ایئرفورس کے بیس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 29 اہلکار شہید جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 14 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔