خیبرایجنسی، شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی فضائی کارروائیاں، اہم کمانڈر سمیت 28 دہشت گردہلاک ، 4 ٹھکانے تباہ

اتوار 20 ستمبر 2015 10:17

خیبرایجنسی / شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء) خیبرایجنسی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں کے ذریعے فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے اہم کمانڈر سمیت 28 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا اور 4 ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے ۔ تفصلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے درمیانی شب میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر خیبرایجنسی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں ان کی کمین گاہوں پر جیٹ طیاروں کے ذریعے فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 28 دہشت گردوں کے ہلاک اور متدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے چار محفوظ ٹھکانیں بھی تباہ کر دیئے گئے ۔

فضائی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے ایک اہم کمانڈر کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں ۔

(جاری ہے)

خیبرایجنسی کے علاقے وادی تیرہ کے مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز نے فضائی کارروائیوں میں 18 دہشت گرد ہلاک کئے جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں بھی مختلف مقامات پر فضائی کارروائیاں کی گئی جہاں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ فضائی حملے کے بعد کچھ دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی نعشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔ سیکورٹی فورسز کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر اسلام سے تھا جبکہ گزشتہ دو روز کے دوران 45 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔