پیپلز پارٹی کا دبئی میں مشاورتی اجلاس،سندھ میں رینجرز کے اختیارات کم کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی میں بل پیش کرنے کا فیصلہ، آئندہ کسی پارٹی رہنما کی گرفتا ری کی صورت میں حکمت عملی تیار ، حکومت کیساتھ مفاہمتی عمل کی بجائے جارحانہ طرز عمل جاری رکھنے کا حتمی فیصلہ ،سندھ حکومت وفاق کی جانب سے صوبائی معاملات میں بے جا مداخلت کے حوالے سے عدالت سے بھی رجوع کریگی ، بلاول بھٹو زرداری بلدیاتی انتخابات کے موقع پر انتخابی جلسوں سے خطاب کر ینگے،اجلاس میں فیصلے ،جلاس کا دوسرا مرحلہ آج ہوگا

اتوار 20 ستمبر 2015 10:09

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے دبئی میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں سندھ میں رینجرز کے اختیارات کم کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی میں بل پیش کرنے کا فیصلہ اور آئندہ کسی پارٹی رہنما کی گرفتا ری کی صورت میں حکمت عملی تیار کی گئی ہے جبکہ حکومت کے ساتھ مفاہمتی عمل کی بجائے جارحانہ طرز عمل جاری رکھنے کیلئے حتمی فیصلے کی منظوری دیدی گئی ،سندھ حکومت وفاق کی جانب سے صوبائی معاملات میں بے جا مداخلت کے حوالے سے عدالت سے بھی رجوع کریگی ، بلاول بھٹو زرداری بلدیاتی انتخابات کے موقع پر سندھ کے 5 اور پنجاب کے 10 اضلاع میں انتخابی مہم کے دوران جلسوں سے خطاب کر ینگے ، اجلاس کا دوسرا مرحلہ آج اتوار کو بھی ہوگا ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ہفتہ کو دبئی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سینیٹر رحمان ملک ، سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی ، راجہ پرویز اشرف ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، نوید قمر ، قمر زمان کائرہ ، شیری رحمان ، فیصل کریم کنڈی ، چاروں صوبوں کے صدور سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو مدعو نہیں کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے پہلے مرحلے میں دو نکاتی ایجنڈے پر مشتاورت کی گئی پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی پارٹی رہنماؤں کیخلاف مقدمات کا معاملہ قومی اسمبلی اور سینٹ میں اٹھانے اور وفاقی حکومت کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مفاہمتی عمل کی بجائے جارحانہ طرز عمل اختیار کرنے کے فیصلے کی منظوری دیدی گئی ۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر ضلعی صدور کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ کے پانچ اور پنجاب کے دس اضلاع میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرینگے ۔ اجلاس میں رینجرز کے اختیارات کم کرنے کیلئے سندھ اسمبلی میں بل لانے کی بھی منظوری دی گئی اور اس کے علاوہ آئندہ کسی بھی رہنما کی گرفتاری سے بچنے کیلئے حکمت عملی بنائی گئی ۔ مشاورتی اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو کا کام بلدیاتی انتخابات کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں اجلاس کے ایجنڈے میں سندھ میں رینجرز کو اضافی اختیارات ، پارٹی رہنماؤں کیخلاف انتقامی کارروائی ، سندھ میں ایف آئی اے اور نیب کی جانب سے کارکنان کی گرفتاریوں سمیت پیپلز پارٹی کے مستقبل سے متعلق پالیسی اپنانے و دیگر معاملات پر غور آج کے سیشن میں کئے جانے کا امکان ہے ۔