وزارت مذہبی امور رویت ہلال کمیٹی کو دوبارہ ترتیب دینے کی تجویز پر غور کر رہی ہے ، وزیر مملکت جام کمال

ہفتہ 19 ستمبر 2015 09:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2015ء) ایوان بالا کو بتایا گیا کہ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان گزشتہ 14 سالوں سے تعینات ہیں جبکہ یہ عہدہ رکھنے کی مدت تین سال ہے ۔ وزارت مذہبی امور رویت ہلال کمیٹی کو دوبارہ ترتیب دینے کی تجویز پر غور کر رہی ہے ۔ سینٹ میں سینیٹرمحمد اعظم سواتی کی جانب سے مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین کی تقرری اہلیت اور مراعات کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر مملکت جام کمال نے بتایاکہ کمیٹی کے 26 ممبران ہیں جس میں 11 ممبران کا تعلق سندھ سے ، 8 ممبران کا تعلق پنجاب سے ، 3 ممبران بلوچستان سے اور 2 ممبران حا ل ہی میں خیبر پختونخواہ سے مقررکئے گئے ہیں جبکہ کمیٹی میں 2 ٹیکنیکل ممبرا ن شامل ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے 1974 میں قرار داد کے تحت وفاقی وزیر مذہبی امور کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کی نامزدگی کا اختیار دیا گیا اور چیئرمین کا عہدہ تین سالوں کے لئے دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملک میں رویت ہلال کمیٹی کے حوالے سے کافی مسائل کا سامنا ہے اور اس سلسلے میں مناسب قانون سازی کی ضرورت ہے ۔ کمیٹی کے موجودہ چیئرمین کا تقرر ستمبر 2001ء میں کیا گیا تھا اور اس کے بعد دوبارہ چیئرمین کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے ۔ کمیٹی میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو شامل کیا جاتا ہے اور وزارت مذہبی امور رویت ہلال کمیٹی کو دوبارہ ترتیب دینے کی تجویز پر غور کر رہی ہے ۔