آرمی چیف سے پاک فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات ،کور کمانڈر پشاور نے ائیر بیس حملے پر تفصیلی بریفنگ دی،ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،آخری دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،عسکری سربراہان کا عزم

ہفتہ 19 ستمبر 2015 09:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے ملاقات کی ہے ،ملاقات میں بڈھ بیر ائیر بیس پر دہشت گردوں کے حملے اور سیکورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز دہشت گردوں نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر ائیر بیس پر حملہ کر دیا جس سے کیپٹن اسفند یار بخاری اور16 نمازیوں سمیت23 افراد شہید ہوگئے،رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان پشاور پہنچے جہاں دونوں عسکری سربراہان نے ملاقات کی ،اس موقع پر کور کمانڈر پشاورہدایت الرحمن بھی موجود تھے جنہوں نے ائیر بیس دہشت گردوں کے حملے میں شہادتوں اور دہشت گرد وں کی ہلاکت بارے تفصیلی بریفنگ دی، دونوں عسکری سربراہان نے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائیگا اور آخری دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ائیر بیس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا اور دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائیگا۔