صدر مملکت کی کراچی میں سرکاری رہائش گاہ قربانی کے مویشی باڑے میں تبدیل ، درجن بھر سے زائد جانور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں باند ھ دئیے گئے، سبزہ زار تباہ ، اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی حیثیت یکسر تبدیل ہوگئی ، گیسٹ ہاؤس کو باڑے میں تبدیل نہیں کیا گیا اس قسم کی اطلاعات درست نہیں، ترجمان صدر مملکت

جمعرات 17 ستمبر 2015 09:20

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2015ء ) صدر مملکت کی کراچی میں سرکاری رہائش گاہ ( اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس ) قربانی کے مویشی باڑے میں تبدیل ہو گئی ،بھاری مالیت کے درجن بھر سے زائد جانور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں باند ھے گئے ہیں جس کی وجہ سے سبزہ زار تباہ ہو گیا جبکہ مویشی منڈی میں فروخت کی غرض سے رکھے جانیوا لے بڑے جانوروں کی موجودگی سے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کی حیثیت یکسر تبدیل ہوکر رہ گئی ہے۔

صدر مملکت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیسٹ ہاؤس کو باڑے میں تبدیل نہیں کیا گیا اس قسم کی اطلاعات درست نہیں۔اس ضمن میں قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صدرممنون حسین کی فیملی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر ہے جسے ثقافتی ورثے کا درجہ بھی حاصل ہے لیکن حیرت انگیز امر یہ ہے کہ صدر مملکت کے ایک صاحبزادے حسنین ممنون جو مویشیوں کے کاروبار سے منسلک ہیں نے عید الاضحی کے موقع پر درجنوں قربانی کے جانوروں کو گیسٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں باندھ دیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف سبزہ زار کی رونق ماند پڑ گئی ہے بلکہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے تشخص پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ جانوروں کو دھوپ کی شدت سے بچانے کے لئے باقائدہ طور پر سبزہ زار میں ٹینٹ بھی لگائے گئے ہیں صدر کے صاحبزادے اور مویشیوں کے تاجر حسنین ممنون نے سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے وی آئی پی بلاک میں مویشی فروخت کرنے کے لیے ایک کیمپ قائم کررکھا ہے جہاں جانوروں کی مالیت 50لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔

منڈی میں جانور کے فروخت ہونے پر اسٹیٹ گیسٹ ہاوس میں باندھے گئے جانور کو سپر ہائی وے مویشی منڈی بھجوادیا جاتا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ کیونکہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پر سیکیورٹی کے خاص اقدامات کئے گئے ہیں اس لئے کاروبار کی غرض سے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں لائے گئے جانور وں کی دیکھ بھال بھی سخت سیکیورٹی میں کی جا رہی ہے ۔ اس حوا لے سے مو قف جا نے کے لئے صد ر پا کستا ن کے تر جما ن فا روق عا دل نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کر اچی میں اتنی بڑی جگہ نہیں ہے جہاں پر درجنوں مو یشیوں کو رکھا جا سکے ،اس لئے اس حوالے سے کی جانیوالی باتیں قیاس آرائی پر مبنی ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان کا اعلیٰ ترین منصب سنبھالنے والے صدر ممنون حسین کا تعلق کراچی سے ہے 9ستمبر2013کو صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسٹیٹ گیسٹ ہاوٓس کراچی کو ’ایوان صدر‘ کا درجہ دے دیا گیا

متعلقہ عنوان :