وزیراعظم ، چیئرمین سینیٹ‘ وزیر خزانہ و شاہ محمود قریشی سمیت 123 پارلیمنٹرین نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرادیں،الیکشن کمیشن

جمعرات 17 ستمبر 2015 09:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین سینیٹ‘ وفاقی وزیر خزانہ‘ تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی سمیت 127 پارلیمنٹرین نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرادی ہیں۔ اثاثہ جات کی جمع کرانے کی حتمی تاریخ 30 ستمبر ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک کل 1174 میں سے صرف 127 ارکان نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔

جن میں سے سینیٹ کے 17 قومی اسمبلی کے 35 پنجاب کے 46 ‘ سندھ کے 24 ‘ کے پی کے کے 3 اور بلوچستان اسمبلی کے دو ارکان نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرائی ہیں جبکہ 1047 ارکان نے بھی تک اثاثہ جات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف 30 ستمبر تک اثاثہ جات جمع کرانے کی حتمی تاریخ دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 11 فیصد اراکین اسمبلی نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرادی ہیں ۔