بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ مسائل پر بات چیت کے لئے تیار ہیں،سرتاج عزیز ، بھارت اگر نیو یارک میں دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات چا ہتا ہے تو اس کے لئے دعوت بھی خودد یناہوگی، بھارتی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 17 ستمبر 2015 09:05

نئی دہلی ،اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ مسائل پر بات چیت کرنے کو تیار ہیں، اگر بھارت چاہتا ہے کہ نیو یارک میں جنرل اسمبلی کے موقع پردونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات ہو تو اس کے لئے دعوت بھی خو دد یناہوگی،بدھ کے روز بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے کہ حریت پسند کشمیری رہنماوٴں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی، خود بھارت میں حریت رہنماوٴں سے مذاکرات نہ کرنے کے حوالے سے سخت رویہ اپنانے کے حوالے سے سوال اٹھ رہے ہیں،سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہی گزشتہ ماہ قومی سلامتی مشیروں کی سطح کے مذاکرات معطل کئے تھے لہذا مصالحت کا دوبارہ آغاز بھی انہیں ہی کرنا ہو گا، بھارت چاہتا ہے کہ نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ملاقات کریں تو دعوت بھی انہیں ہی دینا ہوگی،ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے کہ صرف دہشت گردی کے مسئلے پر بات ہو لیکن ہم کشمیر سمیت تمام امور پر بات چاہتے ہیں،واضح رہے کہ رواں ماہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کا اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ایک ہی ہوٹل میں قیام پزیر ہوں گے لیکن کشیدہ سیاسی صورت حال کے باعث دونوں ممالک کے سربراہان میں ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :