عمران خان کا کرپشن کیس میں سزایافتہ صوبائی وزیر ضیاء اﷲ آفریدی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان ، ضیاء اﷲ کی پارٹی بارے باتیں افسوسناک ہیں ‘ چاہے حکومت چلی جائے پارٹی میں ڈسپلن لے کر آئیں گے ‘ عوام کرپٹ لوگوں سے تنگ آ چکے ہیں ‘ نندی پور پاور پروجیکٹ کا غیر جانبدارانہ آڈٹ ‘ پنجاب میں بھی رینجرز آپریشن شروع کیا جائے ‘ حکومت کو ایل این جی معاہدوں پر دستخط کرنے کیلئے کوئی نہیں مل رہا‘ اعظم سواتی کو پارٹی میں رکھنا ہے یا نہیں فیصلہ 2 دن بعد کریں گے‘4 اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے خلاف جلسہ کریں گے،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی میڈیا سے بات چیت

منگل 15 ستمبر 2015 09:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کرپشن کیس میں سزایافتہ گرفتار صوبائی وزیر ضیاء اﷲ آفریدی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضیاء اﷲ کی پارٹی کے بارے میں باتیں افسوس ناک ہیں ‘ چاہے حکومت چلی جائے پارٹی میں ڈسپلن لے کر آئیں گے ‘ عوام کرپٹ لوگوں سے تنگ آ چکے ہیں ‘ نندی پور پاور پروجیکٹ کا غیر جانبدارانہ آڈٹ کرایا جائے ‘ پنجاب میں بھی رینجرز آپریشن شروع کیا جائے ‘ حکومت کو ایل این جی معاہدوں پر دستخط کرنے کیلئے کوئی نہیں مل رہا‘ اعظم سواتی کو پارٹی میں رکھنا ہے یا نہیں فیصلہ 2 دن بعد کریں گے‘4 اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے خلاف جلسہ کریں گے۔

وہ پیر کو میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملتان حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب رینجرز کا رخ پنجاب کی طرف موڑا جائے یہاں پر آپریشن کی زیادہ ضرورت ہے۔ یہاں پر کرپشن بھی عام ہے۔ جمہوریت کی آڑ میں ملک کو لوٹا جا رہا ہے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل کا گراف اوپر جا رہا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم مشکلات کے باوجود نئے پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں الیکشن کمیشن نے کہاہے کہ جوڈیشل کمیشن کی فائنڈنگ پر ایکشن لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے نام پر پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں مک مکا ہوا تھا۔نیشنل ایکشن پلان میں مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ہوا تھا اب رینجرز آپریشن دہشت گردوں کی فنانسنگ پکڑتے ہوئے بدعنوان سیاستدانوں تک پہنچ گیا ہے۔ کرپٹ سیاستدانوں پر ہاتھ پڑا تو شور مچنے لگا جبکہ کئی پارٹیوں نے سمجھا تھا کہ ان کے دہشت گرد بچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 10 کروڑ عوام بھوکے مر رہے ہیں اور حکمرانوں کی دوبئی میں میٹنگز جاری ہیں قوم ان سے تنگ آ چکی ہے۔ انتقامی کارروائی شریف برادران سے زیادہ کوئی نہیں کر سکتا یہ کیسا انصاف ہے لوگ اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ ہم نیشنل ایکشن پلان کی حما یت کرتے ہیں ۔ کراچی کے عوام خوش ہیں ڈاکوؤں کو پکڑا جا رہا ہے اب فوج کی وجہ سے نواز شریف آپریشن سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے اب جب زرداری کی کرپشن پر ہاتھ پڑا تو پیپلز پارٹی نے شور مچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبوں ‘ ایل این جی اور نندی پور منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی اب ان سب منصوبوں کا فراڈ آہستہ آہستہ سامنے آ رہا ہے۔ ان سب منصوبوں کے آڈٹ کرائے جائیں۔ پنجاب میں اور بھی بہت بڑے بڑے گھپلے ہوئے ہیں ان پر بھی ایکشن لیا جائے۔ نندی پور منصوبے سے غریب قوم کا نقصان ہوا پیپلز پارٹی کے پہلے یہ نقص یاد نہیں تھا اب جب مک مکا ختم ہوا تو یاد آ گیا۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں بھی کرپٹ عناصر موجود ہیں وہاں پر ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی جارہی ہے انہیں پکڑا جا رہاہے اور پارٹی میں بھی کچھ لوگ مخلص نہیں ہیں۔ 37 ممبران نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو ووٹ نہیں ڈالے ضیاء اﷲ آفریدی نے اپنے ہی رشتہ داروں کو پارٹی میں پرموٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی پارٹی کیلئے بہت بڑی خدمات ہیں لیکن اس نے اسمبلی میں پارٹی کے خلاف بہت افسوس ناک باتیں کیں جس پر ہم اسے پارٹی سے نکال رہے ہیں۔ ضیاء اﷲ آفریدی نے وہی کی اجو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کرتی ہیں۔ اگر وہ بے قصور تھے تو پھر ثابت کرتے اعظم سواتی کے بھی خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔ 2 دن بعد فیصلہ کریں گے اسے پارٹی میں رکھنا ہے یا نہی