ملتا ن ‘بس اسٹینڈ کے قریب دھماکہ نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ‘59 زخمی ‘17 کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ‘ دھماکہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے‘ 4 گاڑیاں میں آگ لگ گئی،ہر طرف افراتفری کا عالم سی پی او ملتان کی دھماکہ میں 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر داخلہ نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی‘ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت ،تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا نشتر ہسپتال کا دورہ ‘ دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی،ملتان دھماکے میں دھماکہ خیز مواد کا استعمال کیا گیا وال بیئرنگ موجود تھے، آر پی او ملتان، دھماکہ اس وقت ہواہے جب دہشتگرداپنی دھماکہ خیز مواد سے لدے موٹرسائیکل کوروک کرپانی پینے گیااوراسی دوران بلاسٹ ہوگیا

پیر 14 ستمبر 2015 08:37

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14ستمبر۔2015ء) ملتا ن میں وہاڑی چوک میں بس اسٹینڈ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 59 زخمی ہوگئے ‘ زخمیوں میں سے 17 کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث ہلاکتو ں میں اضافے کا خدشہ ‘ دھماکہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے‘ 4 گاڑیاں میں آگ لگ گئی‘ہر طرف افراتفری کا عالم ‘شہر بھر میں سیکیورٹی سخت ‘پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کرشواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا‘سی پی او ملتان نے دھماکہ میں 10 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی‘ وزیر اعظم کا دھماکہ میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر داخلہ نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی‘ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت‘تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا نشتر ہسپتال کا دورہ ‘ دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملتان میں وہاڑی چوک میں بس اسٹینڈ کے قریب رکشے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 59زخمی ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے سے 3 رکشوں اورقریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اورزخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کرشواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ سول ڈیفنس کے مطابق دھماکے کے آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے بعد زمین میں بہت بڑا گھڑا پڑ گیا۔سی پی او ملتان اظہر اکرام کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ گیس سلنڈر کا نہیں بلکہ بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ پر بال بیئرنگ کے نشانات ملے ہیں جب کہ فرانزک ٹیمیں مشکوک لاش کا جائزہ اور شواہد اکٹھے کررہی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کیا اظہار کیا جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملتان میں ہونیوالے دھماکے اور اس کے نتجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔

وزیر داخلہ نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ وزیر داخلہ نے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی مغفرت کیلئے اور ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ملتان انتظامیہ اور پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ جبکہ دوسری جانب ملتان سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے ملتان کے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا کوئی مذہب نہیں ۔ ادھرریجنل پولیس افسرملتان طارق مسعودیاسین نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ اتوارکی شب وہاڑی چوک ملتان میں ہونے والادھماکے میں دھماکہ خیزمواداستعمال کیاہے جس میں وال بیئرنگ بھی موجودتھے اوریہ دھماکہ اس وقت ہواہے جب دہشتگرداپنی موٹرسائیکل پرلے جانیو الے دھماکہ خیزموادموٹرسائیکل کوروک کرپانی پینے گیااوراسی دوران بلاسٹ ہوگیا،اس سے ظاہرہوتاہے کہ دہشتگرددھماکہ خیزمواد،خودکش دھماکے میں استعمال ہونیو الے وال بیئرنگ شامل تھے کسی جگہ لے جارہے تھے اورانہوں نے اس موادکودہشتگردی کیلئے استعمال کرناتھاکہ اچانک ایک دہشتگرد کے موٹرسائیکل سے اترنے کے بعدبلاسٹ ہوگیا۔

انہوں نے کہاکہ ابھی اس میں تحقیقات ہورہی ہیں مزیدحقائق جلدسامنے آجائیں گے