تمام لیگی دھڑوں کو متحدہ مسلم لیگ میں ضم کرنے کا اعلان،متحدہ مسلم لیگ کا قیام قرارداد کی صورت میں پیش کیا جائے گا، پاکستان مسلم لیگ کو قائداعظم کی مسلم لیگ بناتے ہوئے قائد کے افکار کے مطابق چلائیں گے، مختلف لیگی دھڑوں کے سربراہان کی مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 ستمبر 2015 10:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے مختلف دھڑوں کے عہدیداران نے مسلم لیگ کے دھڑے ختم کرتے ہوئے تمام لیگی دھڑوں کو متحدہ مسلم لیگ میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ متحدہ مسلم لیگ کے قیام کو ایک قرارداد کی صورت میں پیش کیا جائے گا۔ یہ بات پاکستان مسلم لیگ کے مختلف دھڑوں کے سربراہان نے ایک مشترکہ اجلاس کے بعد لیگی رہنماؤں سردار ذوالفقار خان کھوسہ، چوہدری شجاعت حسین، سردار عتیق، حامد ناصر چٹھہ، دوست محمد کھوسہ، راشد قریشی اور غوث علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار خان کھوسہ کی رہائش گاہ واقع ڈیفنس میں ہونے والے لیگی دھڑوں کے اس اجلاس میں متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

لیگی دھڑوں کے سربراہان نے کہا کہ متحدہ مسلم لیگ صرف پاکستان مسلم لیگ ہوگی۔ جس میں کوئی ا ب پ ت نہیں بلکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے افکار شامل ہوں گے اور تمام دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا جو پاکستان مسلم لیگ کو قائداعظم محمد علی جناح کی مسلم لیگ بناتے ہوئے قائد کے افکار کے مطابق چلائیں گے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وہ گزشتہ 9 ماہ سے مختلف لیگی دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آج یہ کوششیں چارہ گر ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد مسلم لیگ کی آئینی اور پارلیمانی حیثیت وضع کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی مسلم لیگ کوئی مسلم لیگ نہیں بلکہ (ن) لیگ ہے جس میں شخص پرستی کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس سیاسی جماعت میں ڈکٹیٹر شپ ہو وہ ملک میں کیا جمہوریت چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے افکار اور اصولوں پر کارآمد رہنے والی جماعت ہی مسلم لیگ کہلا سکتی ہے۔