کالعدم تنظیم کی دھمکیاں، پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی سیکورٹی مزید سخت کردی،شاہ محمودقریشی ، چوہدری سرور ، میاں اسلم اقبال ،علیم خان کودودو گن مین فراہم،د متعلقہ شخصیات کے علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز ،ای میل بھیجنے والے کا جلد پتہ لگا لیاجائے گا، ترجمان حکومت پنجاب

ہفتہ 12 ستمبر 2015 09:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12ستمبر۔2015ء) پنجاب حکومت کی ہدایات پر لاہورپولیس نے کالعدم تنظیم طالبان کی طرف سے تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمودقریشی ، چوہدری سرور ، ایم پی اے میاں اسلم اقبال ،علیم خان ،ملک تیمور اور محمود الرشید کوملنے والی مبینہ دھمکیوں کے پیش نظر حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیئے ہیں - ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے چوہدری سرور،میاں اسلم اقبال اورعلیم خان کو دو دو گن مین فراہم کردیئے ہیں جبکہ 1-4 کی گار ڈ پہلے ہی چوہدری سرورکے ساتھ لگائی گئی ہے نقل و حمل کے دوران بھی دو گن مین متعلقہ شخصیات کے ساتھ رہیں گے - حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ چوہدری سرور و دیگر شخصیات کی حفاظت کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں -اس ضمن میں ان تمام شخصیات کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیاجاچکا ہے - لاہور پولیس نے دوسرے سیکورٹی اداروں کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں - ایف آئی اے اورکاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو تمام ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور ان اداروں نے متعلقہ شخصیات کی سیکورٹی کو ممکن بنانے کے لئے لاہور پولیس کے ساتھ کام شروع کردیاہے - شاہ محمودقریشی کے ساتھ دو گن مین پہلے سے موجود ہیں جبکہ آرپی او ملتان نے ان سے رابطہ کرکے مزید سیکورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے - مبینہ ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھ دیاگیاہے او راس ضمن میں جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی-

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :