بزنس کمیونٹی نے وزیر اعظم کے سامنے اسحاق ڈار کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے،مسائل حل نہ کئے گئے تو صنعتیں بنگلہ دیش اور دبئی منتقل کر دیں گے،تاجروں کی دھمکی

ہفتہ 12 ستمبر 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12ستمبر۔2015ء)پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف وزیر اعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے، ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز وزیر اعظم کی زیر صدارت صنعتی اور بزنس کمیونٹی کے اجلاس شروع ہوا تو تاجروں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور وزیر اعظم کے سامنے شکایات کے انبار لگادیئے، تاجروں کا کہنا تھا کہ وزیر خزنہ اسحاق ڈار کی یقین دہانی کے باوجود ایف بی آر نے 200ارب روپے سے زائد ریفنڈ ابھی تک واپس نہیں کئے ،ہمارے مسائل حل نہیں کئے جارہے ہیں،ان حالات میں بھارت ،سری لنکا، بنگلہ دیش، سنگاپور کا مقابلہ نہیں کرسکتے ، پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی خطے کے دوسرے ممالک کی نسبت بہتر ہے لیکن یہاں پر بجلی پر سرچارج اور جی آئی سی ڈی پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے برآمدات میں کمی آئی ہے،ذرائع نے بتایا کہ تاجروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ہمارے مسائل حل نہ کئے گئے تو صنعتیں دبئی اور بنگلہ دیش منتقل کر دیں گے، تاجر برادری نے کہا کہ ملک کی برآمدات بڑھانے کیلئے حکومتی پالیسیوں پر چلنے کیلئے تیار ہیں تاہم ہمارے تجاویز عمل کیا جائے ،تاجروں نے کہا کہ چاول کی برآمدمیں سبسڈی ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور ٹیکس ریٹرنزکامعاملہ فوری حل کیا جائے اور اضافی ٹیکس عائد نہ کئے جائیں۔