کرپشن پیچیدہ سماجی اور معاشی رجحان ہے جو تمام ملکوں میں پایا جاتا ہے،چیئرمین نیب ،یہ معاشرے میں قابل قدر سماجی واقتصادی ترقی ،قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، قمرزمان چوہدری کا اینٹی کرپشن قوانین سے متعلق کنٹری ریویو کی تقریب سے خطاب

جمعہ 11 ستمبر 2015 09:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب )کے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ کرپشن پیچیدہ سماجی اور معاشی رجحان ہے جو تمام ملکوں میں پایا جاتا ہے کوئی معاشرہ اس چیلنج سے بچا ہوا نہیں ہے جو کہ معاشرے میں قابل قدر سماجی واقتصادی ترقی ،قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

جمعرات کو مقامی ہوٹل میں یو این او ڈی سی کے وفد سے اینٹی کرپشن قوانین سے متعلق کنٹری ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن سے جمہوری ادارے متاثر ہوئے ہیں معاشی ترقی سست روی کا شکار ہوچکی ہے اس سے سیاسی عدم استحکام قانون کی حکمرانی میں رکاوٹ غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری اور صحت مندانہ تجارتی ماحول کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان آگہی اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے اقوام متحدہ کے کرپشن کے خلاف کنونشن کے آرٹیکلز پر عملدرآمد کرکے ہر قسم کی کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن کے 177 ارکان ہیں اور یہ تمام ممبران پر لازم ہے کہ وہ جائزہ لینے والے ماہرین کی سفارشات پر مبنی یو این سی اے سی کے آرٹیکلز کی روشنی میں کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنے اینٹی کرپشن قوانین مزید سخت بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کنٹری ریویوکا بنیادی مقصد کرپشن کے خاتمے کیلئے جامع طریقہ کا وضع کرنے کیلئے قانون سازی بہتر بنانا ہے، اس کے علاوہ ان پر عملدرآمد کا فروغ اور اس کا جائزہ لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسائل سیکھنے کا عمل ہے جس سے ہمیں دوسرے رکن ملکوں کے تجربات اور ان کے اینٹی کرپشن قوانین سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سات ستمبر سے دس ستمبر تک چار روزہ بامقصد اور موثر سرگرمی کے دوران یو این او ڈی سی کے حکام کے ساتھ غیرملکی مبصرین اور پاکستان کے تمام متعلقہ محکموں اور تنظیموں کے مقامی ماہرین نے یو این سی اے سی کی شرائط کی شمولیت اور ان پر عملدرآمد سے متعلق ملکر کام کیا تاکہ کنونشن کے پیرا میٹرزاور اہداف کو سامنے رکھا جائے۔

انہوں نے ناروے کے مبصر ایٹلی اولڈ سوئی ڈیریک فیٹا سی جزیرہ سولوجن کے مبصر اور یو این او ڈی سی کے ویانا سے تعلق رکھنے والے حکام کینڈیسی ویلش جینفر میری ساروری اور یو این او ڈی سی کی جانب سے پاکستان کے قوانین کے کنٹری ریویو میں مختلف محکموں کی جانب سے موثر شرکت کرنے والے ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سے نیب حکام کی کارکردگی کو سراہا انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کے تمام طبقے سرکاری ادارے سول سوسائٹی میڈیا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی رہنما ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غیرملکی ریویو نے کہا کہ پاکستان نے کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر قانون موجود ہیں چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرررہا ہے نیب کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

متعلقہ عنوان :