پاکستان ہر قسم کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور قوت رکھتا ہے ، ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج ہے ‘ خواجہ آصف،جنرل (ر) عالم خٹک،داخلی یا خارجی کسی بھی دشمن کی مہم جوئی کو پوری قوت اور آہنی ہاتھوں سے ناکام بنایا جائے گا ،1965کی جنگ میں ایک چھوٹی قوم نے ایک بڑے پڑوسی ملک کی جارحیت کا مقابلہ کیا، جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نے شہداء کے خون کے ذریعے جارحیت کو ناکام بنایا،ح افواج کی عظیم قربانیوں نے عسکری طور پر ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد فراہم کی، وزیردفاع اور سیکرٹری دفاع کا مسلح افواج کے جنرل آفیسرز ‘ وفاقی سیکرٹریوں اور سفارتکاروں کے اعزاز میں گرینڈ ڈنر کے موقع پر خطاب

جمعرات 10 ستمبر 2015 09:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2015ء)وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور قوت رکھتا ہے ، ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج ہے جس کا جذبہ اور عزم بے مثال ہے ‘ داخلی یا خارجی کسی بھی دشمن کی مہم جوئی کو پوری قوت اور آہنی ہاتھوں سے ناکام بنایا جائے گا 1965کی جنگ ایک چھوٹی قوم کے بہادری کے جذبے کی یاد دلاتی ہے جس نے ایک بڑے پڑوسی ملک کی جارحیت کا مقابلہ کیا، اس جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھر پور شجاعت کا مظاہرہ کیا اور شہداء کے خون کے ذریعے جارحیت کو ناکام بنایا،مسلح افواج کی عظیم قربانیوں نے عسکری طور پر ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد فراہم کی۔

یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات مسلح افواج کے جنرل آفیسرز ‘ وفاقی سیکرٹریوں اور سفارتکاروں کے اعزاز میں گرینڈ ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف تھے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزارت دفاع نے یوم دفاع کی 50 سالہ تقریب عظیم جذبے کے ساتھ منائی۔ سیکرٹری دفاع نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھر پور شجاعت کا مظاہرہ کیا اور شہداء کے خون کے ذریعے جارحیت کو ناکام بنایا۔

اس موقع پر پوری قوم بے مثال جذبہ کے ساتھ کھڑی ہوگئی اور عظیم قربانیوں نے عسکری طور پر ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب 1965ء کے جذبہ کے ساتھ لڑا جارہا ہے۔جو ملک کے ہر کونے سے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی سرحدوں پر ہماری مسلح افواج اور پاکستان کے عوام عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے پڑوسی کے ساتھ جامع مذاکرات کے ذریعے تمام متنازعہ مسائل کا حل چاہتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام صرف ایک ٹھوس دفاعی صلاحیت کے ذریعے ہی یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر سفارتکاروں نے پاکستان کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کیا اور بھارت کے خلاف 1965ء کی جنگ میں پاکستان کی کامیابی کی تعریف کی اور آپریشن ضرب عضب اور شوال میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں کر سراہا ۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کی مشکلات کے مقابلہ کی صلاحیت اور قوت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج ہے جس کا جذبہ اور عزم بے مثال ہے ‘ انہوں نے کہا کہ داخلی یا خارجی کسی بھی دشمن کی مہم جوئی کو پوری قوت اور آہنی ہاتھوں سے ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایک محب وطن قوم پر فخر ہے۔

1965ء کی جنگ میں بھی ہمارے عوام نے ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے ساتھ اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام آج بھی بہادر مسلح افواج کے ساتھ اسی محبت اور حمایت کا اظہار کررہے ہیں ۔تقریب میں ایک کیک بھی کاٹا گیا ‘ جس میں مہمان خصوصی ‘ سیکرٹری دفاع ‘ جنرل افسران اور تمام سفارتکاروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :