جنوبی افریقہ کیلئے پاکستانی سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے،مینڈولا جیلے ، اس وقت دنیا کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کیلئے دونوں ملکوں کو تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہوگا، دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں ،تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کیلئے ہائی کمشن ہر ممکن سہولتیں مہیا کرے گا،جنوبی افریقن ہائی کمشنر کا فیصل آباد چیمبر کے ممبران سے خطاب

بدھ 9 ستمبر 2015 09:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2015ء)جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر مینڈولا جیلے نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیلئے پاکستانی سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے اور اس وقت دنیا کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کو بامقصد تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہوگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کیلئے جنوبی افریقہ کا ہائی کمشنر ہر ممکن سہولتیں مہیا کرے گا۔

یہ بات انہون نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا فیصل آباد چیمبر کا پہلا دورہ ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ فیصل آباد صنعتی اور تجارتی طور پر ایک انتہائی متحرک شہر ہے جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنوبی افریقہ کے صدر جیکسب زوما کے نو نکاتی معاشی ایجنڈے کا بھی ذکر کیا جس کے تحت زراعت اور زرعی ویلیو چین کی ترقی سمیت مقامی معدنیات کو ترقی دی جائے گی اور اس سلسلہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف قسم کی ترغیبات اور مراعات بھی دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2014 میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیاں تجارتی حجم صرف 570 ملین ڈالر تھا۔ افریقی برآمدات میں لوہا، سٹیل، ایلومینیم اور کوئلہ وغیرہ شامل ہیں جبکہ پاکستان جنوبی افریقہ کو کپاس ، یارن ، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی تیار مصنوعات برآمد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ کئی دوسرے شعبوں میں تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقہ میں سیاسی حالات پرسکون ہیں کئی پاکستانی کمپنیاں پہلے ہیں جنوبی افریقہ میں کام کر رہی ہیں جن کی وجہ سے نئے سرمایہ کاروں کیلئے یہاں کاروبار شروع کرنا بہت آسان ہوگا۔ انہوں نے ہائی کمیشن کی طرف سے جنوبی افریقہ میں کاروبار کرنے والوں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ اس دوطرفہ تجارت سے یقینا دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا

متعلقہ عنوان :