وزراء اعلیٰ کانفرنس،پی پی اور پی ٹی آئی کا پنجاب میں کرپٹ وزراء کی گرفتاری کے مطالبہ کا فیصلہ، حکومت کا اپوزیشن کے ٹمپریچر کو نارمل کرنے کیلئے صوبہ کے متعد د وزراء اور سیاسی کارکنان کی گرفتاری کا منصوبہ

بدھ 9 ستمبر 2015 09:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2015ء)اسلام آباد میں ہونیوالی وزراء اعلیٰ کانفرنس میں پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں کرپٹ وزراء کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ حکومت نے اپوزیشن کے ٹمپریچر کو نارمل کرنے کے لیے پنجاب کے متعد د وزراء اور سیاسی کارکنان کی گرفتاری کا منصوبہ بنا لیا ہے ۔خبر رساں ادارے کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پنجاب حکومت کو وفاق نے مشورہ دیا ہے کہ پنجاب کے ان وزرا سے دست شفقت اٹھا لیا جائے جو کسی مقدمہ اور دیگر منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں تاکہ اپوزیشن کے رویہ کو بہتر کرنے کے لیے ان کرپٹ عناصر کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کیا جائے ۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ایک ماہ پہلے ہی ہدایت دے چکے ہیں کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے بصورت دیگر حالات خراب ہو سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب میں کرپٹ وزراء رانا مشہود ،سمیت دیگر نے اپنے آپ کو بچانے کے لیے کوششیں بھی شروع کر دی ہیں مگر حکومت نے اپنے دور اقتدار کو بچانے کے لیے چند وزرا ء کو عید الضحیٰ سے قبل قربان کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے اور ایسا ممکن ہے کہ کل سے قبل آج ہی ایک وزیر کو گرفتار کرکے چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ کانفرنس کو بلاامتاز اپریشن کا تاثر دیا جا سکتا ہے ۔