ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں چار گھنٹے کا اضافہ ، شہروں میں6 سے بڑھا کر 10 گھنٹے ،دیہاتوں میں 8سے بڑھا کر 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع، نندی پور پاور پراجیکٹ کی بندش سے بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا

بدھ 9 ستمبر 2015 09:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2015ء)ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں چار گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا ، شہروں میں چھ گھنٹے سے بڑھا کر دس گھنٹے جبکہ دیہاتوں میں آٹھ گھنٹوں سے بڑھا کر بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کی بندش سے بجلی کا شارٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ۔ پنجاب کے کئی دیہات تاریکی میں ڈوب گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں چار گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق شہروں میں چھ گھنٹے سے بڑھا کر دس گھنٹے جبکہ دیہاتوں میں آٹھ گھنٹے سے بڑھا کر بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے ۔ نندی پور پاور پراجیکٹ بند ہونے کی وجہ سے چار سو پچیس میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

نیشنل گرڈ اس وقت اپنی صلاحیت سے کم بجلی پیدا کررہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملک میں اس وقت شارٹ فال چار ہزار سات سو ساٹھ سے بڑھ کر پانچ ہزار پچیس میگاواٹ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہروں اور دیہاتوں میں حکومت کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ سامنے آیاہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نندی پور پراجیکٹ وزارت کے اعلیٰ حکام کی نااہلی کے باعث بند ہوا ہے جو کہ ملک کا انتہائی اہم پراجیکٹ تھا جس پر پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں 59ارب کا نقصان قومی خزانے کو ہوا تھا تاہم اب تک اس پراجیکٹ پر 81ارب خرچ ہوچکے لیکن پھر بھی یہ پراجیکٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت سامنے نہ لاسکا ذرائع نے بتایا کہ دونوں حکومتوں نے اس پراجیکٹ کی وجہ سے خزانے کو خاطر خواہ نقصان پہنچایا ہے ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافے کی وجہ سے حکومت کے دعوؤں کی قلعی بھی کھل گئی ہے تاہم وزیراعظم کی جانب سے اب تک نندی پور پراجیکٹ کے حوالے سے کوئی اقدامات سامنے نہ آسکے ۔

متعلقہ عنوان :