نیکٹا کو چھ ماہ میں فعال قومی ادارہ بنایا جائے گا، فنڈز کیلئے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے،چوہدری نثار ، یوسف رضا گیلانی کیخلاف موجودہ حکومت نے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا، عمران فاروق قتل کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے، گزشتہ دو سال میں چاروں صوبوں کی جانب سے جاری اسلحہ لائسنس کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ،وفاقی وزیر داخلہ کا علیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

بدھ 9 ستمبر 2015 09:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نیکٹا کو چھ ماہ میں فعال قومی ادارہ بنایا جائے گا ۔ نیکٹا کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے ۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف موجودہ حکومت نے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا عمران فاروق قتل کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے وزارت داخلہ نے گزشتہ دو سال میں چاروں صوبوں کی جانب سے جاری اسلحہ لائسنس کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چوہدری نثار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا اس میں اسلام آباد انتظامیہ ، ایف آئی اے ، پولیس اور نیکٹا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کیس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے یوسف رضا گیلانی کہہ رہے ہیں کہ حکومت میرے خلاف کیس بنا رہی ہے حالانکہ ایسا قطعاً نہیں ہے موجودہ حکومت نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف کوئی مقدمہ نہیں بنایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس زیر سماعت ہے بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے ایف آئی اے نے اس حوالے سے صرف تحقیقات کی ہیں یہ کیس کسی دوسرے ملک میں زیر سماعت ہے اس سے عدالتی معاملے میں رہنے دیا جائے لندن میں اس کیس کے حوالے سے بہت اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں اور بہت پیش رفت سامنے آئی ہے ۔چوہدری نثار نے کہا کہ این جی اوز کی مالی معاونت دستاویزی شکل میں دینے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ جعلی شناختی کارڈ بنانے والے جلد گرفتار کرنے کے بھی احکامات جاری کردیئے ہیں، وزارت داخلہ نے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں سات فوڈ اسپکشن ٹیمیں قائم کی فوڈ انسپکشن ٹیمیں گوشت دودھ خام خوردونوش اشیاء کی چیکنگ کرنے کی پابند ہونگی وزارت داخلہ نے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے کچی آبادی میں زیر قبضہ اراضی کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں ۔